ایران پر جنگی جارحیت کیخلاف امریکہ و اسرائیل سمیت دنیا بھر میں جنگ مخالف مظاہرے
لاہور(جدوجہد رپورٹ)دنیا کے مختلف ممالک میں گزشتہ چند روز کے دوران امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے خلاف بڑے پیمانے پر جنگ مخالف مظاہرے دیکھنے میں آئے ہیں۔ یورپ، برطانیہ، امریکہ میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے ، جبکہ خود اسرائیل میں بھی درجنوں افراد نے احتجاج کیا اور جنگ بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
اتوار کو ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں بھی جنگ مخالف مظاہرہ ہوا جہاں شہریوں نے امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کی مذمت کی۔ مظاہرین نے شہر کے مرکزی حصوں میں مارچ کیا اور مطالبہ کیا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری فوجی کارروائیاں فوری طور پر روکی جائیں۔یہ مظاہرہ ایسے وقت میں ہوا جب خطے میں کشیدگی کے باعث یورپ کے کئی شہروں میں عوامی غم و غصہ بڑھ رہا ہے۔
برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں ہزاروں افراد نے سڑکوں پر نکل کر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے خلاف مظاہرہ کیا اور امریکی سفارت خانے کی طرف مارچ کیا۔ مظاہرین نے جنگ کے خاتمے اور سفارتی مذاکرات شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔
یورپ کے دیگر شہروں میں بھی اسی نوعیت کے مظاہرے ہوئے۔ یونان کے دارالحکومت ایتھنز سمیت کئی مقامات پر مظاہرین نے امریکی اور اسرائیلی سفارت خانوں کے باہر مارچ کیا اور جنگی کارروائیوں کی مذمت کی۔جرمنی ، سپین اور فرانس میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
امریکہ کے اندر بھی جنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ واشنگٹن، نیویارک اور لاس اینجلس سمیت متعدد بڑے شہروں میں ہزاروں افراد نے ریلیاں نکالیں اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی بند کی جائے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں نئی جنگ نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
اسرائیل کے شہر تل ابیب میں بھی جنگ کے خلاف ایک مظاہرہ ہوا، تاہم پولیس نے اسے جلد منتشر کر دیا۔ حکام کے مطابق احتجاج کے دوران کشیدگی کے خدشے کے باعث مظاہرہ ختم کروایا گیا۔انتہائی دائیں بازو کی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے کارکنان نے جنگ مخالف مظاہرین پر حملہ کرنے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے اسی حملے کے بہانے جنگ مخالف مظاہرین کو منتشر کر دیا۔
امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد دنیا کے مختلف حصوں میں احتجاجی مظاہروں کی لہر دیکھی جا رہی ہے۔ متعدد ممالک میں جنگ مخالف گروہوں، طلبہ تنظیموں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے مظاہرے کیے اور ایران پر حملے فوری طور پر روکنے مطالبہ کیا۔