این ایس ایف کی جنرل کونسل کا اجلاس 16 مئی کو طلب کر لیا گیا
راولاکوٹ (پ ر)جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) کی جنرل کونسل اجلاس 16 مئی بروز جمعہ، دوپہر 2 بجے راولاکوٹ میں منعقد کیا جائے گا۔ اجلاس کی صدارت این ایس ایف کے مرکزی صدر خلیل بابر کریں گے۔
مرکزی سیکرٹری سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس مجموعی طور پر دو سیشن پر مشتمل ہوگا۔ پہلے سیشن میں جموں کشمیر کی موجودہ معاشی و سیاسی صورتحال پر سیر حاصل بحث کی جائے گی، جبکہ دوسرے اور آخری سیشن میں موجودہ حالات میں این ایس ایف کے کردارپر بحث ہوگی۔
اجلاس کے دوران این ایس ایف کے آئندہ مرکزی کنونشن سمیت دیگر اہم تنظیمی و سیاسی امور پر بھی فیصلے کیے جائیں گے۔ مرکزی صدر خلیل بابر نے اس حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی کابینہ کے اراکین، ضلعی کابینہ اور برانچوں کے عہدیداران، تعلیمی اداروں میں قائم یونٹس کے ذمہ داران اور تمام سرگرم کارکنان اس اہم اجلاس میں اپنی بروقت شرکت کو یقینی بنائیں۔
خلیل بابر نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ معاشی و سیاسی حالات طلبہ، نوجوانوں اور محنت کش عوام کے لیے انتہائی پریشان کن ہیں۔ آنے والے وقت میں مہنگائی، بیروزگاری اور دیگر معاشی مسائل میں اضافے کے امکانات نمایاں ہیں، جبکہ خطے میں بڑھتا ہوا سیاسی عدم استحکام اور سامراجی قوتوں کی پراکسی جنگیں، جموں کشمیر کی عوامی تحریکوں کو کچلنے کی سازشیں کر رہی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جنگی جنون اور خوف و ہراس کی فضا کو ہوا دے کر نسل کشی کی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔
مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ ایسے نازک حالات میں این ایس ایف کے نوجوانوں پر ایک تاریخی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ماضی کی شاندار جدوجہد کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے جموں کشمیر اور پورے خطے کے مستقبل کو محفوظ بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مہنگائی، بے روزگاری، مہنگی تعلیم، صحت کی سہولیات کی عدم دستیابی، لوڈ شیڈنگ، دہشت گردی، جنگوں اور سرمایہ دارانہ استحصال کی ہر شکل کے خلاف جدوجہد کو ایک غیر طبقاتی سماج کے قیام تک جاری رکھا جائے گا۔