← Back to Newsroom OS بین الاقوامی

بدنام زمانہ امریکی کمپنی غزہ میں ٹرکنگ و لاجسٹکس پر اجارہ داری حاصل کرنے کے قریب

By جدوجہد • 2026-02-04 • 6 min read

لاہور(جدوجہد رپورٹ)’دی گارڈین‘ کی رپورٹ کے مطابق ایک امریکی ڈیزاسٹر ریسپانس کمپنی گوتھمز ایل ایل سی وائٹ ہاؤس حکام کے ساتھ ایسے معاہدے کی کوشش کر رہی ہے جس کے تحت اسے صدر ٹرمپ کے مجوزہ”غزہ بورڈ آف پیس“منصوبے میں نئی ٹرکنگ اور لاجسٹکس سروسز پر 7 سالہ اجارہ داری حاصل ہو جائے۔

رپورٹ کے مطابق مجوزہ معاہدہ کمپنی کو 300 فیصد تک منافع کی ضمانت دیتا ہے، جبکہ گوتھمز ایل ایل سی اپنی گودام سازی، ٹرانسپورٹ اور ڈسٹری بیوشن سہولیات کے استعمال کے بھی بھاری چارجز وصول کرے گی۔

’ڈیموکریسی ناؤ‘ کے مطابق گوتھمز ایل ایل سی اس سے قبل بدنام زمانہ ساؤتھ فلوریڈا آئس(Immigration and Customs Enforcement) جیل کی آپریشنل سپورٹ میں بھی شامل رہی ہے۔ اس جیل کوقیدیوں کے غیر انسانی حالات کے باعث ”ایلیگیٹر الکاٹراز“ کہا جاتا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس جیل پر کئی بار سخت تنقید کی ہے۔

امریکی سیاسی اور انسانی حقوق کے حلقوں نے گوتھمز ایل ایل سی کے ممکنہ معاہدے پر خدشات ظاہر کیے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ غزہ جیسے بحران زدہ خطے میں ریسکیو اور امدادی لاجسٹکس کو نجی منافع کے ماڈل پر دینا انسانی ہمدردی کے اصولوں کے منافی ہے۔ ناقدین کے مطابق ایسے منصوبے امدادی کوششوں کو موثر بنانے کی بجائے تجارتی مفادات کے تابع کر سکتے ہیں۔