تہران سے ایک کامریڈ، ایک بلاگر اور سیاسی کارکن کا مختصر پیغام
(ایرانی صحافی سیاوش شہابی نے ایران کے دارالحکومت تہران سے ایک بائیں بازو کے سیاسی کارکن اور بلاگر کا مختصر پیغام اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا ہے، جس کا اردو ترجمہ ان کے شکریہ کے ساتھ یہاں شائع کیا جا رہا ہے۔ )
تہران میں زندگی:جبر کے سائے میں، بموں کے ملبے تلے
میں چند منٹ پہلے تہران میں6دن بعد دوبارہ انٹرنیٹ سے جڑنے میں کامیاب ہوا ہوں۔ میرے گھر کی کھڑکیوں سے دھماکوں کی آوازیں مسلسل سنائی دے رہی ہیں، اور کسی بھی لمحے یہ نازک سی رابطے کی ڈوری ٹوٹ سکتی ہے۔ مجھے نہیں معلوم کہ اس مختصر نوٹ کو ختم کرنے کے بعد میں اسے اپنے ٹیلیگرام چینل پر شائع کرنے کا موقع بھی پا سکوں گا یا نہیں۔
ان دنوں کی بمباری میں جو کچھ میں نے دیکھا اور جھیلا ہے، اس نے ایک سفاک حقیقت کو بالکل عیاں کر دیا ہے کہ رژیم کو ملک اور اس کی آبادیسے الگ کر کے دکھانا اور یہ کہنا کہ بیرونی حملہ صرف حکومت کو نشانہ بنائے گا اور عوام محفوظ رہیں گے، کوئی سیاسی بصیرت نہیں بلکہ تباہی کے حقیقی نتائج سے اخلاقی فرار کے طور پر بھاگ نکلنے کا ایک طریقہ ہے۔ جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ کو نشانہ بنانے کے نام پر آپ پورے ایران کو آگ میں جھونک سکتے ہیں، اور پھر بھی یہ سمجھتے ہیں کہ عوام کسی طرح محفوظ رہیں گے، وہ یا تو جنگ کی حقیقت سے ناواقف ہیں، یا پھر دانستہ طور پر آنکھیں بند کر رہے ہیں۔ بم سلیکٹو نہیں ہوتے، اور تباہی محتاط انتخاب کے طریقے سے کام نہیں کرتی۔
یہ استدلال محض جنگ کے جاری رہنے کی چپ چاپ حمایت کرنے کے لیے ایک دھوکہ ہے، اورموت کو’’آزادی‘‘ کے لفظ سے آراستہ کرنے کی کوشش ہے۔ اندرونی استبداد سے لڑنا ہماری ذمہ داری ہے۔تاہم جو کوئی بھی بیرونی آگ کو جواز دیتا ہے، چاہے شعوری طور پر یا غیر شعوری طور پر ، وہ تباہی کے جاری رہنے کے پلڑے میں کھڑا ہے۔
زندگی جبر کے سائے میں نہیں پلتی، اور نہ ہی بموں کے ملبے کے نیچے قائم رہ سکتی ہے۔