جامعہ پونچھ کے طلبہ کی تحریک کامیاب، فیسوں میں اضافہ واپس لے لیا گیا
راولاکوٹ(نامہ نگار) پاکستانی زیرانتظام جموں کشمیر کے ضلع پونچھ میں قائم جامعہ پونچھ کے طلبہ گزشتہ چند روز سے فیسوں میں اضافہ واپس لینے سمیت دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاج کر رہے تھے۔ مذاکرات کے کئی دور ناکام ہونے کے بعد گزشتہ روز بالآخر یونیورسٹی انتظامیہ فیسوں میں کیا گیا حالیہ اضافہ واپس لینے پر رضامند ہو گئی، اور جامعہ کے طلبہ اپنے تمام مطالبات منوانے میں کامیاب ہو گئے۔
احتجاج کے دوران طلبہ نے احتجاجی دھرنے دیا، کلاسوں کا بائیکاٹ کیا، یونیورسٹی کے مرکزی دروازوں کو بند کیا اور بالآخر بدھ کے روز تمام کیمپسوں سے راولاکوٹ شہر کی طرف مارچ کیا اور شہر میں احتجاجی جلسہ کیا۔ اس دوران یونیورسٹی انتظامیہ نے متعدد مرتبہ طلبہ کے نمائندوں سے مذاکرات کیے۔ ابتدائی طور پر باقی تمام مطالبات منظورکر لیے گئے تھے، تاہم فیسوں میں اضافہ واپس لینے سے انکار کیا جا رہا تھا۔
جمعرات کی شب یونیورسٹی انتظامیہ نے بالآخر فیسوں میں کیا گیا اضافہ بھی واپس لینے کا سرکلر جاری کر دیا۔اب یونیورسٹی کی فیسیں گزشتہ سال کے مطابق ہی رہیں گی۔