جموں کشمیر سے یکجہتی: لندن میں 10ہزر کا تاریخی مظاہرہ
طلعت بٹ
جموں کشمیر میں جاری لانگ مارچ سے یکجہتی ور ریاست میں ہونے والی ہلاکتوں کے خلاف گزشتہ روز برطانیہ میں مقیم ریاستی باشندوں نے مظاہرہ کیا جس میں کم از کم 10 ہزار افراد نے شرکت کی۔
مظاہرے میں لائن آف کنٹرول کے دونوں طرف سے تعلق رکھنے والے، برطانیہ میں مقیم، جموں کشمیر کے باشندوں نے شرکت کی۔ برطانیہ میں مقیم ریاستی باشندوں کی جانب سے یہ تاریخ کا سب سے بڑا مظاہرہ تھا جس میں خواتین اور بچوں سمیت پورے برطانیہ سے لوگوں نے شرکت کی۔
گذشتہ روز برطانیہ کے دوسرے بڑے شہر برمنگھم میں بھی ایک بڑا مظاہرہ ہوا جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔اس سے قبل، لندن میں قائم پاکستانی سفارت خانے کے باہر بھی جموں کشمیر میں جاری ریاستی جبر اور لانگ مارچ سے پہلے اور لانگ مارچ کے دوران ہونی والی ہلاکتوں کے خلاف،برطانیہ میں مقیم جموں کشمیر سے تعلق رکھنے والی کمیونٹی نے مظاہرہ منعقد کیا۔برطانیہ کے دیگر شہروں میں پاکستانی قونصل خانوں کے باہر بھی اسی نوعیت کے مظاہرے منعقد ہو چکے ہیں۔
گذشتہ روز، لندن میں ہونے والا مظاہرہ ٹریفلگر اسکوائر سے شروع ہو کر برطانوی پارلیمنٹ کی طرف مارچ کرتے ہوئے پہنچا۔ مظاہرے میں لانگ مارچ سے یکجہتی، ریاستی تشدد کے خلاف اور جائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی حمایت میں نعرے لگائے گئے اور تقاریر ہوئیں۔




