جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کا موقف
مورخہ: 9 جون 2026
بلیک آؤٹ، گولیوں اور ناکہ بندی کے باوجود: جموں کشمیر میں محاصرے اور جبر کا پانچواں دن
جموں کشمیر نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن پاکستانی زیرِ انتظام جموں کشمیر میں عوامی تحریک کے خلاف جاری محاصرے، کرفیو، انٹرنیٹ بندش، اور ریاستی جبر و قتل و غارت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ پانچ دن سے پاکستانی ریاست نے جموں کشمیر کو دنیا سے کاٹ رکھا ہے۔ انٹرنیٹ سروسز معطل کر دی گئی ہیں، شہروں کو عسکری چھاونی کی شکل دے دی گئی ہے، اور ایف سی، رینجرز اور پولیس کی اضافی نفری ایک جمہوری عوامی تحریک کو کچلنے کے لیے تعینات کی گئی ہے۔
تاہم اس کریک ڈاؤن، رابطوں کے بلیک آؤٹ، اور عوام کو خوفزدہ، تقسیم اور تنہا کرنے کی ہر کوشش کے باوجود، جموں کشمیر کے عوام نے ریاست کو للکار دیا ہے۔ انہوں نے خوف کی دیوار توڑ دی، رکاوٹیں عبور کیں، پروپیگنڈے کو مسترد کیا، اور بڑی تعداد میں مظفرآباد کی جانب بڑھتے رہے۔ عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ جب جدوجہد مشترکہ دکھ، غصے اور اجتماعی عزم پر قائم ہو تو کوئی بلیک آؤٹ انہیں ایک دوسرے سے جدا نہیں کر سکتا۔
7 اور 8 جون کی رات، ریاستی فورسز نے راولاکوٹ، پونچھ میں مظاہرین پر براہِ راست فائرنگ کی۔ اب تک دستیاب اطلاعات کے مطابق کم از کم 13 افراد جاں بحق اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔ پونچھ میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے، جس نے پورے علاقوں کو کھلی جیل میں بدل دیا ہے تاکہ عوام کو الگ تھلگ کیا جا سکے، ریاستی تشدد کی اصل شدت کو چھپایا جا سکے، اور خوف کے ذریعے عوام کے حوصلے توڑے جا سکیں۔
آج 9 جون کو، جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر مظاہرین نے مظفرآباد کی جانب اپنا لانگ مارچ جاری رکھا۔ کوٹلی میں اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ پاکستانی فورسز نے ایک بار پھر عوام پر براہِ راست فائرنگ کی ہے۔ کم از کم 6 اموات کی اطلاعات ہیں، جبکہ اصل تعداد ابھی تصدیق طلب ہے اور اس سے زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔ بعض اطلاعات کے مطابق اصل تعداد 8 سے 11 کے درمیان ہو سکتی ہے۔ ریاست ایک جائز سیاسی تحریک کو خون میں ڈبونے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن یہ تشدد بھی لوگوں کو تاریخی تعداد میں مظفرآباد کی طرف بڑھنے سے نہیں روک سکا۔
جے کے این ایس ایف اس جبر، سنسرشپ، کرفیو اور پروپیگنڈے کو سخت ترین الفاظ میں مسترد کرتی ہے۔ مگر ہم ان عوام کی جرات کو سلام بھی پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے سامنے رکھے گئے جبر کے ہر ہتھیار کو للکارا۔ ان کی مزاحمت نے اس ریاست کی کمزوری کو بے نقاب کر دیا ہے جو عوام کے جمہوری مطالبات کا جواب دینے کے لیے بلیک آؤٹ، گولیوں، ناکہ بندی اور جھوٹ کا سہارا لیتی ہے۔ عوامی تحریک کو بلیک آؤٹ، گولیوں، بغاوت کے مقدمات یا کٹھ پتلی اداروں کے ذریعے کچلا نہیں جا سکتا۔ ہر موت، ہر زخم، ہر گرفتاری، اور ہر توہین آمیز سلوک عوام کے غصے کو مزید گہرا کرے گا اور قابض نظام کا اصل چہرہ بے نقاب کرے گا۔
ہم مطالبہ کرتے ہیں:
- پونچھ اور دیگر تمام علاقوں سے فوری طور پر کرفیو اٹھایا جائے۔
- ایف سی، رینجرز، پولیس کی نفری، اور پاکستان سے جموں کشمیر بھیجی گئی تمام اضافی فورسز کو فوری واپس بلایا جائے۔
- مظاہرین کے خلاف فائرنگ، شیلنگ، آنسو گیس، گرفتاریاں، چھاپے، دھمکیاں، اور ریاستی تشدد کی تمام شکلیں فوری طور پر بند کی جائیں۔
- مظفرآباد کی جانب لانگ مارچ پر کسی قسم کی ناکہ بندی، رکاوٹ، فائرنگ، گرفتاری یا انتظامی پابندی عائد نہ کی جائے۔ عوام کو مارچ کرنے اور اجتماع کرنے کا اپنا جمہوری حق استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔
- پاکستانی زیرِ انتظام جموں کشمیر بھر میں انٹرنیٹ سروس فوری اور غیر مشروط طور پر بحال کی جائے۔
- جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی پر پابندی کے فیصلے کو فوری واپس لیا جائے۔
- مظاہرین، کارکنوں، اور جے اے اے سی قیادت کے خلاف تمام مقدمات، ایف آئی آرز، بغاوت کے الزامات، اور دیگر قانونی کارروائیاں فوری طور پر واپس لی جائیں۔
- جموں کشمیر میں پولیس کے انسپکٹر جنرل کو فورسز کے ہاتھوں قتل ہونے والے افراد کے قتل کا ذمہ دار ٹھہرا کر اس پر مقدمہ چلایا جائے۔
- جموں کشمیر کے کٹھ پتلی وزیرِ اعظم کو اس خونریزی کی نگرانی کرنے اور پاکستانی ریاستی جبر کے آلے کے طور پر کام کرنے پر فوری استعفیٰ دینا چاہیے۔
- جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور جموں کشمیر کے عوام کے تمام مطالبات، جیسا کہ وعدہ کیا گیا تھا، پورے کیے جائیں، جن میں ان 12 نشستوں کا خاتمہ بھی شامل ہے جو دہائیوں سے عوامی رائے کو مسخ کرنے اور جموں کشمیر کے عوام پر بیرونی کنٹرول برقرار رکھنے کے لیے استعمال ہوتی رہی ہیں۔
جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کشمیر، پاکستان، اور دنیا بھر کے طلبہ، مزدوروں، کسانوں، ٹریڈ یونینز، ترقی پسند تنظیموں، بائیں بازو کے اجتماعات، اور تمام محکوم اقوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ جموں کشمیر کے عوام کے ساتھ انقلابی یکجہتی کا اظہار کریں۔
سچے جذبوں کی قسم! آخر فتح حق کی ہے سچ کی ہے ہماری ہے.
علم، جدوجہد، فتح!