راولا کوٹ میں شعبان عارف کی ہلاکت: جموں کشمیر میں ہڑتال کا چھٹا روز
راولا کوٹ(نامہ نگار)گذشتہ روز جمعرات کی صبح راولا کوٹ کے نواح میں جموں کشمیر کے باشندے اور لانگ مارچ میں شریک سیاسی کارکن شعبان عارف سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے۔ ان کی نماز جنازہ دریک میں ادا کی گئی جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ بعد ازاں ان کی میت ان کے گاوں دیواں گوراہ روانہ کر دی گئی۔ اس واقعہ میں پانچ دیگر افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
بعض اطلاعات کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے عوامی ایکشن کمیٹی کے اہم رہنما عمر نزیر کو گرفتار کرنے کی کوشش میں ان افراد پر گولی چلائی تا ہم ’جدوجہد‘ مصدقہ زرائع سے ان معلومات کی تصدیق نہیں کر سکا۔
ادہر، لانگ مارچ کے شرکا ء راولا کوٹ کی حدود میں مسلسل موجود ہیں۔ ریاستی حکام نے انہیں مظفر آباد کی جانب روکنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے جبکہ شرکاء اپنی جگہ موجود ہیں۔ غیر سرکاری زرائع کے مطابق، حکام نے لانگ مارچ کے رہنماوں کو مذاکرات کا پیغام دیا ہے۔
واضح رہے، ہفتے کے روز سے پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر میں حالات کشیدہ ہیں اور ریاست بھر میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ کاروبار زندگی معطل ہے جبکہ انٹرنیٹ شٹ ڈاون کا ایک ہفتہ مکمل ہونے والا ہے۔