← Back to Newsroom OS خبریں

سٹاک ہولم: پاکستانی سفارت خانے کے سامنے جموں کشمیر کے لئے احتجاجی مظاہرہ

By Roznama Jeddojehad • 2026-07-03 • 1 min read

سٹاک ہولم (عمر حیات )منگل کے روز سویڈن کے دارلحکومت سٹاک ہولم میں جموں کشمیر سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن نے پاکستانی سفارت خانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین جموں کشمیر میں جاری عوامی تحریک کے دوران ہلاک وذخمی ہونے والوں سے اظہارِ یکجہتی کرنے کے علاوہ ریاست میں جاری ریاستی جبر، پاکستان کے راستے جانے والی خوراک و ادویات کی فراہمی روکنے ، انٹرنیٹ کی بندش، کرفیو ،گرفتاریوں اور چھاپوں کے خلاف احتجاج کے لئے اکٹھے ہوئے تھے۔

مظاہرین نے جون کے دوران راولا کوٹ، بھمبھراور کوٹلی میں ہلاک و زخمی ہونے والے افراد کی تصاویر اور آزاد جموں کشمیر کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔مظاہرے میں بچوں سمیت تیس سے زائد افراد نے شرکت کی۔

مظاہرے کے اختتام پر مظاہرے کے مرکزی منتظم عمر حیات نے پاکستانی سفارت خانے کو ایک میمورنڈم بھی پیش کیا جس میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں جاری جابرانہ ریاستی کاروائیاں روکنے پر زور دیا گیا۔ مظاہرے سے سردار مشتاق خان، سنی خان ،محمد کامل خان, امان خان، یاسر خان، شاہد محمود اور اظہار احمد نے خطاب کیا۔

مقررین نے پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر میں پر امن مظاہرین پر پاکستان کی پیرا ملٹری فورسز کی جانب سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ یہ فورسز واپس بلائی جائیں۔ انہوں نے احتجاجی مہم کے دوران جان بحق اور زخمی ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور اس بات کی مذمت کی کہ ہلاک شدگان کی لاشیں ورثاء کے حوالے نہیں کی جا رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خوراک و ادویات کی سپلائی روکنا، انٹرنیٹ اور بنکوں کی بندش کے علاوہ کرفیو،غیر قانونی چھاپے اور گرفتاریاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں۔