شوکت نواز میر گرفتار، دھرنا، عام ہڑتال جاری
راولا کوٹ (جدوجہد رپورٹ)جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مرکزی رہنما شوکت نواز میر گذشتہ روز باغ کے نواحی علاقے دھیر کوٹ سے گرفتار کر لئے گئے۔
وہ راولا کوٹ دھرنے میں شرکت کے لئے آ رہے تھے۔ گرفتاری سے قبل ،وہ مسلسل روپوش تھے۔ مظفر آباد کے ڈپٹی کمشنر منیر قریشی نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کی ۔ ادہر، راولا کوٹ میں دھرنا بیسویں روز بھی جاری رہا ۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما عمر نزیر نے شوکت میر کی گرفتاری کی تصدیق بھی کی اور مذمت بھی۔
پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر میں انٹرنیٹ بند ہے۔ غیر سرکاری مگر عملی طور پر بنک بھی بند ہیں۔ ریاست کو پاکستان سے جانے والی خوراک اور ادویات کی فراہمی روک دی گئی ہے جس سے پوری ریاست شدید بحران کا شکار ہے۔ راولا کوٹ میں جو موجودہ تحریک کا مرکز ہے، مسلسل کرفیو نافذ ہے۔ اسی طرح، ریاست میں مکمل شٹر ڈاون ہڑتال بھی جاری ہے۔