عبدالحمید بھاشانی کی میت آج پاکستان پہنچے گی، راولاکوٹ میں تدفین ہو گی
راولاکوٹ(خبرنگار) معروف ترقی پسند دانشور، مصنف اور انقلابی رہنماعبدالحمید بھاشانی کی میت آج 18اپریل کو دن 11بجے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ رہی ہے۔ انہیں قافلے کی صورت میں راولاکوٹ لایا جائے گا۔ پاکستان کو جموں کشمیر سے ملانے والے پل آزاد پتن سے سہ پہر 3بجے جموں کشمیر کی ترقی پسند اور آزادی پسند جماعتوں اور طلبہ تنظیموں کے کارکنان اور عوام علاقہ، سول سوسائٹی سمیت سیاسی و سماجی شخصیات ان کا استقبال کریں گے اور ایک قافلے کی صورت میں ان کی میت کو راولاکوٹ لایا جائے گا۔
راولاکوٹ میں خان اشرف خان سٹیڈیم میں شام 5بجے نماز جنازہ ادا کی جائے گی، جس کے بعد انہیں آبائی گاؤں بنجونسہ لے جایا جائے گا۔ بنجونسہ ہائی سکول کے گراؤنڈ میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد ان کی تدفین بنجونسہ میں ہی آبائی قبرستان میں کی جائے گی۔