مودی سے تنقیدی سوال کرنے والی نارویجن صحافی کا فیس بک، انسٹا گرام اکاونٹ بند - روزنامہ جدوجہد
لاہور(جدوجہد رپورٹ) ناروے کے دورے پر آئے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے تنقیدی سوال پوچھنے پر نارویجن صحافی ہیلے لینگ کا فیس بک اکاونٹ اور انسٹاگرام اکاونٹ بند ہو گئے ہیں۔
ایک پریس بریفنگ کے دوران خاتون صحافی ہیلے لینگ نے نریندر مودی سے پوچھا تھا کہ وہ دنیا کے آزاد ترین پریس سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو سوال کا موقع کیوں نہیں دیتے؟
نریندر مودی نارویجن وزیر اعظم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ انہوں نے ہیلے لینگ کے سوال کا جواب نہیں دیا۔ بعد ازاں، اوسلو میں بھارت کے سفارت خانے میں پریس بریفنگ میں بلایا مگر وہاں نریندر مودی موجود نہ تھے۔
یاد رہے، 2014 میں وزیر اعظم بننے کے بعد سے، نریندر مودی نے اکیلے پریس کانفرنس نہیں کی۔ ہیلے لینگ نے بھارتی سفارت خانے کی پریس کانفرنس میں شرکت کی اور ہندوستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں بارے سوال کیا۔
دریں اثنا، بھارت میں نریندر مودی کے حامیوں نے سوشل میڈیا پر ہیلے لینگ کی ٹرولنگ شروع کر دی۔
ناروسے ہی کے ایک اور اخبار کو نریندر مودی کا ایک کارٹون شائع کرنے پر نسل پرستی کے الزامات کا بھی سامنا ہے۔ کارٹون میں دکھایا گیا ہے کہ نریندر مودی سپیرا بنے ایک سانپ کے سامنے بین بجا رہے ہیں۔
