← Back to Newsroom OS بین الاقوامی

وینس فلم فیسٹیول جیتنے والی بھارتی فلم میکر کا اسرائیل کے خلاف احتجاج

By جدوجہد • 2025-09-10 • 7 min read

لاہور(جدوجہد رپورٹ)بھارت کی فلم ساز انوپارنا رائے نے 82ویں وینس انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے ’اوری زونتی‘(Orizzonti) سیکشن میں اپنی پہلی فلم’سانگز آف فارگاٹن ٹریز‘(Songs of Forgotten Trees) پر بہترین ہدایت کار کا اعزاز جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ وہ اس سیکشن میں یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی بھارتی ہدایت کار بن گئیں۔

ایوارڈ وصول کرنے کے بعد اپنی تقریر میں انوپارنا رائے نے سامعین کو متاثر کرتے ہوئے کہا کہ ’’امن آزادی اور نجات ہر بچے کا حق ہے، اور فلسطینی اس سے مستثنیٰ نہیں ہیں۔۔۔۔ایسا کہنے سے میرا ملک ناراض ہو سکتا ہے، لیکن اب مجھے اس کی پرواہ نہیں رہی۔‘‘

انہوں نے اپنی فلم کو ان تمام خواتین کے نام وقف کیا ’’جو کبھی خاموش کرا دی گئی ہوں، نظرانداز کی گئی ہوں یا کم تر سمجھی گئی ہوں۔‘‘

انہوں نے مزید کہاکہ’’یہ فلم ہر اس عورت کو خراج تحسین ہے جو کبھی دبائی گئی۔ میری خواہش ہے کہ یہ کامیابی مزید آوازوں، مزید کہانیوں اور سنیما سمیت دنیا بھر میں خواتین کے لیے مزید طاقت پیدا کرے۔‘‘

ان کی فلم کی کہانی ایک ایسی عورت کے گرد گھومتی ہے جو فطرت اور یادداشت کے رشتے کے ذریعے اپنی کھوئی ہوئی پہچان اور وجود کو تلاش کرنے کی جدوجہد کرتی ہے۔ فلم میں شناخت، عورتوں کی آواز، اور انسانی آزادی کے موضوعات کو فنکارانہ انداز میں پیش کیا گیا ہے۔