← Back to Newsroom OS پاکستان

ٹرانسپورٹروں کا19دسمبر کو خیبر سے کراچی تک پہیہ جام، پاکستان بند کا اعلان

By جدوجہد • 2025-12-13 • 6 min read

لاہور(جدوجہد رپورٹ)آل پاکستان ٹرانسپورٹ فیڈریشن، انٹر سٹی ٹرانسپورٹ یونین، انٹر ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ یونین، گڈز ٹرانسپورٹ اور طلبہ و سرکاری ملازمین کے لیے چلنے والی پک اینڈ ڈراپ سروسز کی یونینز نے 19 دسمبر بروز جمعہ ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔ یہ احتجاج بھاری ٹریفک جرمانوں، چالانوں، گاڑیوں کی بندش اور مبینہ ہراسانی کے خلاف کیا جا رہا ہے۔

’ٹربیون‘ کے مطابق ٹرانسپورٹ فیڈریشن کے رہنماؤں نے کہا کہ 19 دسمبر کو خیبر سے کراچی تک تمام مال بردار اور عوامی ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند رہے گی اور ملک بھر میں پہیہ جام ہوگا۔

یونینز کے مطابق ہڑتال کے دوران بس، ویگن اور بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ، اندرون شہر ٹرانسپورٹ،مارکیٹیں، شاپنگ ایریاز اور تجارتی مراکز، صنعتی یونٹس اور فیکٹریاں،بینکنگ سیکٹر، پیٹرول پمپ، سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے، ہول سیل مارکیٹیں، سپلائی چینز اور گڈز ٹرانسپورٹ جیسے شعبے بند رہیں گے۔

رہنماؤں نے واضح کیا کہ ہڑتال اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ٹریفک چالان اور جرمانوں کے نئے نظام کو واپس نہیں لیا جاتا۔

فیڈریشن کے نائب صدر و ترجمان آصف خان، لالا سہیل اور طارق خان نے کہا کہ حکومت نے اپنے کسی وعدے پر عمل نہیں کیا۔ان کے مطابق دیگر شعبوں سے مشاورت کے بعد اب وہ مکمل پہیہ جام ہڑتال کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ 19دسمبر کو پاکستان بند ہوگا، جس کا مطلب ہے کہ مکمل طور پر بندہوگا۔