← Back to Newsroom OS بین الاقوامی

ٹرمپ بمقابلہ فورڈ ورکر: امریکی صدر کے خلاف احتجاج کرنے پر ملازم معطل

By جدوجہد • 2026-01-19 • 7 min read

لاہور(جدوجہد رپورٹ)گزشتہ منگل کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ کے دوران فورڈ کمپنی کے دیئر بورن ٹرک پلانٹ میں ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا، جہاں معروف فورڈ ایف150 گاڑی تیار کی جاتی ہے۔ پلانٹ میں واک کرتے ہوئے ایک کارکن نے صدر ٹرمپ کو”پیڈوفائل پروٹیکٹر“کہہ کر آواز لگائی، جو جیفری اپسٹین کیس کے حوالے سے جاری ہونے والی فائلز میں شامل ناموں کی فہرست میں ٹرمپ کا نام شامل ہونے کی وجہ سے تنقید کی زد میں ہیں۔ اس واقعے کے جواب میں صدر ٹرمپ نے سخت الفاظ استعمال کیے اور کارکن کی طرف نفرت انگیز اشارے بھی کیے۔

یہ پورا واقعہ کیمروں میں قید ہو گیا اور فوری طور پر خبروں کی زینت بن گیا۔ بعد ازاں معلوم ہوا کہ اس کارکن ٹی جے سبولا کو فورڈ نے معطل کر دیا ہے اور اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

ٹی جے سبولا نے کہا کہ وہ صدر ٹرمپ کا سامنا کرنے کے فیصلے پر کوئی پچھتاوا نہیں رکھتے، تاہم اپنے روزگار کی صورتحال اور ممکنہ سیاسی انتقامی کارروائی کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا۔ ان کی حمایت میں ایک ’گوفنڈمی‘مہم بھی شروع کی گئی،جس نے تیزی سے لاکھوں ڈالرز جمع کر لیے۔

اسی دوران، یونائیٹڈ آٹو ورکرز یونین، جو ٹی جے سبولا کی نمائندگی کرتی ہے، نے بھی ورکر کے حق میں کھل کر بیان دیا ہے۔ یونین کی نائب صدر اور فورڈ ڈپارٹمنٹ کی ڈائریکٹر لورا ڈیکرسن نے کہاکہ ”دیئر بورن ٹرک پلانٹ کے اس کارکن کو اپنی یونین پر فخر ہے۔ وہ اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں، جسے ہم پوری دلجمعی سے اپناتے ہیں، اور ہم اپنے ممبران کی آواز کی حفاظت کے لیے کھڑے ہیں۔“

انہوں نے مزید کہا”یونین اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ہمارے ممبر کو تمام معاہدہ شدہ حقوق اور نوکری کی حفاظت حاصل ہو۔ کارکنوں کو کسی بھی فرد کی طرف سے، چاہے وہ صدر امریکہ ہی کیوں نہ ہو، بدتمیزی یا غیر مہذب رویے کا سامنا نہیں کرنا چاہیے۔“