← Back to Newsroom OS خبریں

کینال مخالف دھرنا تحریری نوٹیفکیشن ملنے تک جاری رکھنے کا اعلان

By جدوجہد • 2025-04-26 • 7 min read

لاہور(جدوجہد رپورٹ) صوبہ سندھ میں کینال منصوبے کے خلاف احتجاجی دھرنا کینالز کی منسوخی کا تحریری نوٹیفکیشن ملنے تک جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

دھرنے کی سربراہی کرنے والے کراچی بارایسوسی ایشن کے صدر عامر نواز وڑائچ نے کہا کہ ہم نے دریائے سندھ پر کینالز کی منسوخی، کارپوریٹ فارمنگ کے لیے سندھ میں زمینوں کی الاٹمنٹ سمیت چار مطالبات رکھے تھے۔ زبانی اعلان کو ہم نہیں مانتے۔ تحریری نوٹیفکیشن ملنے تک یہ دھرنا ہر صورت جاری رہے گا۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دریائے سندھ پر متنازع کینالز کے خلاف خیرپور میرس کے ببرلو بائی پاس پر قومی شاہراہ پر دھرنا دینے والے وکیلوں سے اپیل کی ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے باہمی رضامندی کے بغیر دریائے سندھ پر کوئی منصوبہ نہ بنانے کی یقین دہانی کے بعد اب احتجاج ختم کرکے سڑک کو ٹریفک کے لیے کھولا جائے۔

’انڈیپنڈنٹ‘ کے مطابق دریائے سندھ پر چھ مجوزہ متنازع نہروں کی تعمیر کے خلاف وکلا اور قوم پرست جماعتوں کا سکھر کے قریب خیرپور میرس ضلع کے ببرلو بائی پاس پر 18 اپریل سے دھرنا جاری ہے۔

یہ دھرنا کراچی بار ایسوسی ایشن اور سندھ بار ایسوسی ایشن کی مشترکہ کال پر شروع کیا گیا۔ دھرنے میں سندھ کی قوم پرست جماعتوں، مذہبی جماعتوں، طلبہ تنظیموں، شہریوں، نوجوانوں اور خواتین کی بڑی تعداد سخت گرمی کے باوجود گذشتہ آٹھ روز سے دھرنا جاری رکھے ہوئے ہے۔

اس دھرنے کے باعث سندھ اور پنجاب کو ملانے والی مرکزی شاہراہ، نیشنل ہائی وے مکمل طور پر بلاک ہونے سے دونوں اطراف میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں موجود ہیں۔

عید الاضحی کے لیے پنجاب سے آنے والے مویشیوں کے ٹرک بھی سکھر کے قریب گذشتہ آٹھ روز سے کھڑے ہیں، جس کے باعث عید الاضحی میں چند روز باقی رہ جانے کے باوجود مویشی کراچی سمیت صوبے کے دیگر شہروں کی منڈیوں میں نہیں پہنچ سکے ہیں۔ مختلف مقامات پر سخت گرمی، پانی اور چارے کی کمی کے باعث قربانی کے جانور مرنے کی اطلاعات مل رہی ہیں۔

دھرنے کے باعث پھنسنے والے ٹرکوں میں سبزیاں، پھل اور دیگر اشیائے خوردنی سڑنا شروع ہو گئی ہیں۔ اس کے علاوہ سندھ سے پنجاب کی طرف کوئلہ لے جانے والے ٹرکوں کے ڈرائیورز نے آگ لگنے کے خوف سے روڈ کنارے کوئلہ اتارنا شروع کر دیا ہے۔