روزنامہ جدوجہد
خبریں پاکستان بین الاقوامی ادارتی کالم سیاست کھیل تعلیم صحت ٹیکنالوجی ثقافت کاروبار
آزادی اظہار وہی ہے جو مختلف سوچ رکھنے والوں کو حاصل ہو الخميس, 30 جولائی 2026

ایران میں حالیہ عوامی بغاوت: جدوجہد ویبینار25جنوری کو منعقد ہورہا ہے

ایران میں حالیہ عوامی بغاوت: جدوجہد ویبینار25جنوری کو منعقد ہورہا ہے

لاہور(جدوجہد رپورٹ)ایران کی حالیہ صورتحال سے متعلق ’جدوجہد‘ کے زیر اہتمام ویبینار25جنوری2026(بروز اتوار) کو منعقد کیاجارہا ہے۔

”Iran in Revolt: Beyond Campism and Theocracy“ کے عنوان سے منعقد ہونے والے اس سیمینار میں فریدہ آفرے اور نسرین پرواز خصوصی گفتگو کریں گی جبکہ شریک مدیر ’جدوجہد‘ فاروق سلہریاماڈریٹر کے فرائض سرانجام دیں گے۔

فریدہ آفرے ایک ایرانی نژاد امریکی لائبریرین، مترجم اور مصنف ہیں۔ وہ ”Socialist Feminism:A New Approach“ کی مصنف ہیں۔ اس کے علاوہ وہ دو ویب سائٹس، ”Iranian Progressives in Translation“ اور ”Socialistfemiism.org“ کی پروڈیوسر بھی ہیں۔

نسرین پرواز ایوارڈ یافتہ کتاب ”One Woman’s Struggle in Iran, A Prison Memoir“ کی مصنفہ اورایک ایرانی شہری حقوق کی کارکن بھی ہیں۔انہوں نے انسانی حقوق کی جدوجہد کی پاداش میں آٹھ سال ایرانی جیلوں اور عقوبت خانوں میں گزارے۔ 1993 ء میں وہ ایران سے فرار ہو کر لندن پہنچ گئیں اور اب وہیں رہتی ہیں۔

اس ویبینارمیں درج ذیل زوم لنک کے ذریعے شرکت کی جا سکتی ہے۔

یاد رہے، ایران میں 28دسمبر2025سے 10جنوری2026تک مہنگائی کے خلاف ایک بھرپور عوامی تحریک موجود رہی ہے، جو وقتی طور پر ٹھنڈی ہو گئی ہے۔ اس تحریک کے دوران ریاستی جبر کے نتیجے میں 8ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور ہزاروں زخمی ہیں۔
اس تحریک کے دوران امریکی سامراج، اسرائیل اور دیگر سامراجی ملکوں نے ایران میں رژیم چینج کے لیے مداخلت کی کوششیں بھی کی ہیں، جبکہ دوسری جانب ایرانی رژیم نے مظاہروں کو غیر ملکی سازش قرار دے کر بے دردی سے کچلنے کی پالیسی اپنائی ہے۔
اس دوران بائیں بازو کے اندر بھی ایک تقسیم نظر آئی ہے۔ ایک طرف کھل کرایران کی عوامی بغاوت کی حمایت کی گئی۔دوسری جانب، کیمپ ازم کی آڑ میں ایرانی رژیم کی حمایت سامنے آئی۔

’جدوجہد‘ نے پہلے روز سے نہ صرف ایرانی عوام کی اس تحریک کو بلکہ ماضی کی تحریکوں کو بھی بھرپور طریقے سے کوریج دی ہے۔ ہمارا واضح موقف رہا ہے کہ ہم امریکی سامراج کی مداخلت کے بھی خلاف ہیں اور ایران کی ملا رژیم کو بھی ایرانی عوام کے استحصال اور آزادیوں کا قاتل تصور کرتے ہیں۔

ہم ایرانی عوام کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ ایران کے عوام کو یہ حق اور اختیار حاصل ہونا چاہیے کہ وہ ایران میں حکومت سازی اور آئین سازی جمہوری بنیادوں پر کر سکیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ سرمایہ دارانہ نظام معیشت اور ملا رژیم کا خاتمہ اور ہر طرح کی سامراجی مداخلت کی بھرپور مخالفت کرنے والا ایک سوشلسٹ ایران ہی ایرانی محنت کشوں کی بہتر زندگی کا ضامن ہو سکتا ہے۔

اس ویبینار کا مقصد نہ صرف ایران کی عوامی آوازوں کو اجاگر کرنا ہے بلکہ ایران سمیت دنیا بھر کی محنت کش تحریکوں میں ہم آہنگی اور یکجہتی پیدا کر نا ہے۔

ماخذ: جدوجہد

تبصرے (0)

تبصرہ کریں

باخبر رہیں

تازہ ترین خبروں اور اپ ڈیٹس کے لیے ہمارے نیوز لیٹر کو سبسکرائب کریں