روزنامہ جدوجہد
خبریں پاکستان بین الاقوامی ادارتی کالم سیاست کھیل تعلیم صحت ٹیکنالوجی ثقافت کاروبار
آزادی اظہار وہی ہے جو مختلف سوچ رکھنے والوں کو حاصل ہو الخميس, 30 جولائی 2026

ایران پر حملے بند، علاقائی کشیدگی کو کم کیا جائے: فورتھ انٹرنیشنل

ایران پر حملے بند، علاقائی کشیدگی کو کم کیا جائے: فورتھ انٹرنیشنل

لاہور(جدوجہد رپورٹ) فورتھ انٹرنیشنل کے ایگزیکٹو بیوروکی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران پر اسرائیل کا بے مثال حملہ اُن جرائم کی سزا سے بچنے کا نتیجہ ہے جو اُس نے گزشتہ 20 ماہ کے دوران فلسطین میں براہ راست نشر ہونے والی نسل کشی کے دوران کیے۔ ’اپنے دفاع‘کے جھوٹے دعوے کی آڑ میں اسرائیل نے فلسطینیوں کو مٹانے کی اپنی دیرینہ پالیسی کو ایک مکمل نسل کشی میں تبدیل کر دیا ہے۔ اب وہ اسی جارحیت کو آگے بڑھاتے ہوئے ایران پر بمباری کر رہا ہے، یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ وہ ایک خیالی ایٹمی خطرے سے اپنے دفاع کے لیے ایسا کر رہا ہے،حالانکہ اسرائیل نے خود ایٹمی عدم پھیلاؤ کے معاہدے پر دستخط نہیں کیے اور اپنے جوہری ہتھیاروں کے لیے کسی کے سامنے جواب دہ نہیں ہے۔

یہ استثنا امریکہ اور دیگر حکومتوں کی مدد سے ممکن ہوا ہے جو اسرائیل کو مسلسل اسلحہ فراہم کر رہی ہیں۔ ہتھیار، مالی امداد، اور سیاسی پشت پناہی دے کر وہ اسے پورے خطے میں بڑے پیمانے پر مظالم ڈھانے کا موقع دے رہے ہیں۔ امریکہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران پر اسرائیل کا حملہ اس کا یکطرفہ اقدام تھا اور اس میں اس کا کوئی کردار نہیں، حالانکہ اس حملے میں استعمال ہونے والے زیادہ تر ہتھیار اسی نے فراہم کیے۔ ان تمام حکومتوں کے ساتھ جو اسرائیل کو مسلح کرتی ہیں اور اُس کی ڈھال بنی ہوئی ہیں، امریکہ اس جارحیت میں برابر کا شریک ہے۔ یہ سب ظلم کے ساتھی ہیں۔

اس جارحیت نے نہ صرف عام شہریوں کی جانیں لی ہیں بلکہ ایران کے عوام کی طویل اور دلیرانہ جدوجہد کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے جو وہ ایک جابرانہ حکومت کے خلاف کر رہے ہیں اور جس کی حالیہ بلند ترین مثال ’عورت، زندگی، آزادی‘کی تحریک تھی۔ تاریخ یہ صاف دکھاتی ہے کہ جنگ کے سائے میں جمہوریت کا کوئی راستہ نہیں نکلتا۔

ہم ایران کے عوام کے ساتھ پختہ یکجہتی کا اعلان کرتے ہیں، چاہے وہ آمریت کے خلاف ان کی جاری مزاحمت ہو یا غیر ملکی فوجی جارحیت سے آزادی کا ان کا حق۔ ہم ایران پر اسرائیل کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ اسرائیل کو اس خطرناک اور غیر ذمے دارانہ علاقائی توسیع پسندی سے روکا جائے۔

ہم پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ ایران پر حملے فوری بند کیے جائیں۔علاقائی کشیدگی کا فوری خاتمہ کیا جائے۔ایران میں سیاسی قیدیوں اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کے ساتھ یکجہتی، اور ریاستی جبر کے ممکنہ اضافے کے خلاف چوکسی اختیار کی جائے۔

کئی ماہ سے مسلسل کیا جانے والا اپنا مطالبہ ہم آج بھی دہراتے ہیں کہ اسرائیل پر فوری پابندیاں عائد کی جائیں۔ اسرائیل سے ہر قسم کی اسلحہ کی تجارت کا فی الفور خاتمہ کیا جائے۔ فلسطین میں جاری نسل کشی کو روکنے کے لیے عالمی سطح پر عوامی تحرک کو منظم کیا جائے۔

ماخذ: جدوجہد

تبصرے (0)

تبصرہ کریں

باخبر رہیں

تازہ ترین خبروں اور اپ ڈیٹس کے لیے ہمارے نیوز لیٹر کو سبسکرائب کریں