روزنامہ جدوجہد
خبریں پاکستان بین الاقوامی ادارتی کالم سیاست کھیل تعلیم صحت ٹیکنالوجی ثقافت کاروبار
آزادی اظہار وہی ہے جو مختلف سوچ رکھنے والوں کو حاصل ہو الخميس, 30 جولائی 2026

دو سالوں میں 1 لاکھ 35 ہزار پاکستانیوں نے یورپ اور امریکہ میں سیاسی پناہ کی درخواست دی

دو سالوں میں 1 لاکھ 35 ہزار پاکستانیوں  نے یورپ اور امریکہ میں سیاسی پناہ کی درخواست دی

لاہور(جدوجہد رپورٹ)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیوں کو بتایا گیا ہے کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران 1لاکھ35ہزارپاکستانی شہریوں نے یورپ اور امریکہ میں سیاسی پناہ کی درخواستیں دی ہیں۔ ان میں سے 1لاکھ 25ہزار درخواستیں مختلف یورپی ممالک میں اور 10ہزار سے زائد امریکہ میں جمع کروائی گئی ہیں۔یہ انکشافات ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس نے سینیٹر ذیشان خانزادہ کی زیر صدارت کمیٹی کے اجلاس میں کیے۔

’ٹربیون‘ کے مطابق ڈی جی پاسپورٹس نے بتایا کہ گزشتہ دو سالوں میں 52ہزار سے زائد پاکستانیوں کو مختلف ممالک سے ڈی پورٹ کیا گیا۔ ایران نے 34ہزار پاکستانیوں کو غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہونے کی کوشش پر واپس بھیجا، جبکہ سعودی عرب نے بھیک مانگنے میں ملوث 5ہزار پاکستانیوں کو ملک بدر کیا۔

سعودی عرب نے پاکستانیوں کے لیے ورک ویزا کوٹہ کم کر دیا ہے اور ویزا جاری کرنے کے معیار کو مزید سخت بنا دیا ہے۔ اسی طرح، متحدہ عرب امارات، اٹلی، برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک نے پاکستانی طلبہ کے لیے ویزا پروگرام معطل کر دیے ہیں۔

وزارت سمندر پار پاکستانیوں کے حکام نے بتایا کہ کچھ ممالک پاکستانیوں کو جیل میں ڈالنے کی بجائے پاسپورٹ ایکٹ کی دفعات کے تحت فوری طور پر ملک بدر کر رہے ہیں۔ ڈی جی پاسپورٹس نے مزید بتایا کہ ڈی پورٹ کیے گئے پاکستانیوں کے پاسپورٹس کو بلاک کر دیا گیا ہے، اور جو افراد بیرون ملک مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

حکام نے بتایا کہ ان مشکلات کے باوجود 1 کروڑ 3 لاکھ سے زائد ہنر مند اور پیشہ ور پاکستانی بیرون ملک کام کر رہے ہیں، جو ملک کی معیشت میں ترسیلات زر کے ذریعے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

یہ اعداد و شمار ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری، معاشی عدم استحکام اور بہتر زندگی کی تلاش میں بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کے رجحان کی عکاسی کرتے ہیں۔

ماخذ: جدوجہد

تبصرے (0)

تبصرہ کریں

باخبر رہیں

تازہ ترین خبروں اور اپ ڈیٹس کے لیے ہمارے نیوز لیٹر کو سبسکرائب کریں