روزنامہ جدوجہد
خبریں پاکستان بین الاقوامی ادارتی کالم سیاست کھیل تعلیم صحت ٹیکنالوجی ثقافت کاروبار
آزادی اظہار وہی ہے جو مختلف سوچ رکھنے والوں کو حاصل ہو الاربعاء, 29 جولائی 2026

یمن میں امریکی فضائی حملہ ممکنہ جنگی جرم، ایمنسٹی انٹرنیشنل کی تحقیقات کا مطالبہ - روزنامہ جدوجہد

یمن میں امریکی فضائی حملہ ممکنہ جنگی جرم، ایمنسٹی انٹرنیشنل کی تحقیقات کا مطالبہ - روزنامہ جدوجہد

لاہور(جدوجہد رپورٹ)انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے امریکہ کے یمن میں ایک حراستی مرکز پر کیے گئے فضائی حملے کو ممکنہ جنگی جرم قرار دیتے ہوئے اس کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ حملہ 28 اپریل 2025 کو شمال مغربی یمن کے صوبے صعدہ میں ایک ایسے مرکز پر کیا گیا جہاں افریقی مہاجرین کو رکھا گیا تھا۔

’الجزیرہ‘ کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس حملے میں کم از کم 68 قیدی ہلاک اور 47 زخمی ہوئے۔ مذکورہ حراستی مرکز کئی سالوں سے ایک بڑے جیل کمپلیکس کا حصہ تھا اور اس کا دورہ انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس اور اقوام متحدہ کے نمائندے بھی کر چکے تھے، جہاں انہیں کسی قسم کی عسکری سرگرمی کے شواہد نہیں ملے تھے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی امریکی ڈائریکٹر نادیہ دار کے مطابق مارچ سے مئی 2025 کے دوران یمن میں امریکی فضائی حملوں کی پالیسی نے نہ صرف خطرے کی گھنٹیاں بجا دیں بلکہ شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے موجود حفاظتی اقدامات کو بھی کمزور کر دیا۔

تنظیم کے مطابق حملے کے تقریباً ایک سال بعد بھی متاثرین شدید جسمانی اور ذہنی مسائل کا شکار ہیں اور اکثر علاج کے اخراجات برداشت کرنے سے قاصر ہیں۔ 6 ایتھوپیائی متاثرین سے گفتگو میں بتایا گیا کہ5 افراد اپنی چوٹوں کے باعث کام کرنے سے محروم ہو چکے ہیں جبکہ زیادہ تر اب اپنے رشتہ داروں پر انحصار کرتے ہیں۔ ایک متاثرہ شخص جیراتا نے بتایا کہ حملے میں اس کی ایک ٹانگ ضائع ہو گئی جبکہ دوسری میں دھات کی راڈ لگائی گئی ہے۔

ایمنسٹی کے مطابق امریکی فوج نے اس واقعے کی تحقیقات کا عندیہ تو دیا تھا، تاہم ایک سال گزرنے کے باوجود کوئی عوامی رپورٹ یا جوابدہی سامنے نہیں آئی۔ تنظیم نے اس حملے کو حالیہ برسوں میں شہری ہلاکتوں کے حوالے سے مہلک ترین واقعات میں شمار کیا ہے۔

رپورٹ میں ایران کے شہر میناب میں ایک اسکول پر امریکی حملے کا بھی ذکر کیا گیا جس میں 156 افرادہلاک ہوئے، جن میں 120 سے زائد بچے شامل تھے۔ تنظیم نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ یمن اور ایران میں ہونے والے حملوں کی فوری، آزاد اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور متاثرین کو مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے۔

ماخذ: jeddojehad.com

تبصرے (0)

تبصرہ کریں

باخبر رہیں

تازہ ترین خبروں اور اپ ڈیٹس کے لیے ہمارے نیوز لیٹر کو سبسکرائب کریں