لاہور(جدوجہد رپورٹ) معروف آئرش فٹبالروں اور متعدد شوبز شخصیات نے آئندہ شیڈول یوئیفا نیشنز لیگ میچ میں اسرائیل کے خلاف عدم شرکت کا مطالبہ کر دیا ہے۔ یہ مطالبہ’’آئرش اسپورٹ فار فلسطین‘‘ نامی مہم گروپ کی جانب سے فٹبال ایسوسی ایشن آف آئرلینڈ (ایف اے آئی) کو بھیجے گئے ایک کھلے خط میں کیا گیا۔
’رائٹرز‘کے مطابق خط میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اسرائیل غزہ میں جاری جنگ کے دوران نسل کشی کا مرتکب ہو رہا ہے اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں ٹیموں کو کھیلنے کی اجازت دے کر یوئیفا اور فیفا کے قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ نومبر 2025 میں ایف اے آئی کے 93 فیصد ارکان نے قیادت کو ہدایت دی تھی کہ وہ یوئیفا پر دباؤ ڈالے کہ مذکورہ قوانین کے تحت اسرائیل کو معطل کیا جائے۔ مہم چلانے والوں کا کہنا ہے کہ ایف اے آئی کو اپنی رکنیت کے اس واضح مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہیے۔
’’اسٹاپ دی گیم‘‘ کے عنوان سے لکھے گئے اس خط پر لیگ آف آئرلینڈ کے کھلاڑیوں، سابق مردوں کی ٹیم کے کوچ برائن کیر، اور خواتین کی دو مرتبہ بہترین کھلاڑی لوئز کوئن نے دستخط کیے ہیں۔ دیگر دستخط کنندگان میں معروف آئرش راک بینڈ فاؤنٹینز ڈی سی، ہپ ہاپ ٹرائیو نی کیپ، گلوکار کرسٹی مور اور آسکر نامزد اداکار اسٹیفن ریا شامل ہیں۔
آئرلینڈ 4 اکتوبر کو ڈبلن کے اویوا اسٹیڈیم میں اسرائیل کی میزبانی کرنے والا ہے، جبکہ 27 ستمبر کو طے شدہ اسرائیلی ہوم میچ ایک غیر جانبدار مقام پر کھیلا جانے کی توقع ہے۔ شیمروک روورز کے کپتان اور پروفیشنل فٹبالرز ایسوسی ایشن آف آئرلینڈ کے چیئرمین روبیٹو لوپس نے بھی خط میں شامل بیان میں کہا کہ ’’ہم فلسطین میں انسانی تباہی کو نظرانداز نہیں کر سکتے۔ انسانی جانوں کا بے تحاشا نقصان کسی بھی کھیل سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔ آئرلینڈ کے پاس موقع ہے کہ وہ قیادت کرے اور وہ کرے جو دیگر کرنے سے ہچکچا رہے ہیں۔‘‘