روزنامہ جدوجہد
خبریں پاکستان بین الاقوامی ادارتی کالم سیاست کھیل تعلیم صحت ٹیکنالوجی ثقافت کاروبار
آزادی اظہار وہی ہے جو مختلف سوچ رکھنے والوں کو حاصل ہو الاربعاء, 29 جولائی 2026

ایران: 9 دن میں 1255 ہلاک، لبنان میں 5 لاکھ بے گھر

ایران: 9 دن میں 1255 ہلاک، لبنان میں 5 لاکھ بے گھر

لاہور(جدوجہد رپورٹ)ایران میں جاری امریکی و اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ہلاکتوں اور تباہی کی نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ ایران کے نائب وزیرصحت علی جعفریان نے بتایا ہے کہ اب تک 1255 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں 200 بچے اور 11 طبی کارکن شامل ہیں، جبکہ 12 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔ ایران کے مطابق حملے 28 فروری سے جاری ہیں اور اب تک 200 سے زائد شہروں کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔

’الجزیرہ‘ کے مطابق علی جعفریان نے بتایا کہ زیادہ تر ہلاکتیں شہریوں کی ہیں جو گھروں یا کام کی جگہوں پر موجود تھے۔ وزارت صحت کے مطابق 29 طبی مراکز کو نقصان پہنچا ہے جن میں سے 10 مکمل طور پر بند ہو چکے ہیں، جب کہ 52 ہیلتھ سنٹرز، 18 ایمرجنسی پوائنٹس اور 15 ایمبولینسیں تباہ یا شدید متاثر ہوئی ہیں۔

ہفتے کی رات اسرائیل نے پہلی بارایران کی تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جن میں اقدسیہ آئل ویئرہاؤس، تہران ریفائنری اور شمال مغربی تہران کا شاہران آئل ڈپو شامل ہیں۔ ان حملوں کے بعد لگنے والی آگ نے دارالحکومت تہران کی فضا کو گھنٹوں تک دھوئیں سے بھرے رکھا، اور شہر کئی گھنٹوں تک اندھیرے میں ڈوبا رہا۔

جعفریان نے خبردار کیا ہے کہ دھوئیں اور آلودگی کے باعث شہریوں،خصوصاً بچوں اور بزرگوں کو سانس کی شدید مشکلات پیش آ سکتی ہیں، جبکہ تیزابی بارش مٹی اور ماحول پر دیرپا اثرات چھوڑے گی۔

دوسری طرف لبنان کی وزیر سماجی امور حنین سید کے مطابق 5لاکھ17ہزار افراد نے بے دخلی کا اندراج کروایا ہے، جن میں سے 1لاکھ17ہزار228 حکومتی مراکز میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔

اس ایک ہفتے میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں لبنان میں 394 افراد ہلاک ہوئے ہیں، جن میں 83 بچے، 42 خواتین اور 9 ریسکیو ورکرز شامل ہیں۔ بیروت کے ساحلی علاقے روچے میں ایک ہوٹل پر اسرائیلی ڈرون حملے میں کم از کم چار افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے۔ اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ حملے میں قدس فورس کے پانچ کمانڈرز مارے گئے۔

لبنانی وزیراعظم نواف سلام نے تنبیہ کی ہے کہ ملک ’’ایک ایسی تباہ کن جنگ میں گھسیٹا گیا ہے جسے نہ ہم چاہتے تھے نہ ہم نے چنا تھا، اور بڑے پیمانے کی بے دخلی سیاسی و انسانی بحران کو شدید تر کر سکتی ہے۔‘‘

اسرائیل نے اعتراف کیا ہے کہ حالیہ جھڑپوں میں اس کے دو فوجی جنوبی لبنان میں ہلاک ہوئے ہیں۔ دوسری جانب حزب اللہ روزانہ کی بنیاد پر شمالی اسرائیل کی جانب راکٹ اور ڈرون حملے جاری رکھے ہوئے ہے اور تصادم عیتارون کے قریب تک پھیل چکا ہے۔

ایران، لبنان اور اسرائیل تینوں میں تیزی سے بگڑتی صورت حال کے باوجود امریکی و اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ جنگ ایک ماہ یا اس سے زیادہ جاری رہ سکتی ہے، جبکہ خطے میں کسی فوری سفارتی ڈی اسکیلشن کا امکان نظر نہیں آ رہا۔

ماخذ: جدوجہد

تبصرے (0)

تبصرہ کریں

باخبر رہیں

تازہ ترین خبروں اور اپ ڈیٹس کے لیے ہمارے نیوز لیٹر کو سبسکرائب کریں