لاہور(جدوجہد رپورٹ)پہلی عالمی ”اینٹی فاشزم کانفرنس“ اگلے ماہ،26تا 29 مارچ،برازیل کے شہر پورتو الیگرے میں ہو گی۔ یہ کانفرنس”کمیٹی فار اینٹی فاشزم کانفرنس اینڈ فار دی پیپلز ساورینٹی“کے زیر اہتمام منعقد ہو گی۔
روزنامہ جدوجہد اس کانفرنس کی توثیق کرنے والی تنظیموں میں شامل ہے جبکہ مدیر جدوجہد فاروق سلہریا ”کمیٹی فار اینٹی فاشزم کانفرنس اینڈ فار دی پیپلز ساورینٹی“کے رکن ہیں۔وہ اس کانفرنس میں بھی بطور ڈیلی گیٹ شرکت کریں گے۔
”کمیٹی فار اینٹی فاشزم کانفرنس اینڈ فار دی پیپلز ساورینٹی“ کا آن لائن تاسیسی اجلاس گذشتہ سال 28 نومبر کو ہوا جس میں دنیا بھر سے 80 سے زائد کامریڈز نے شرکت کی۔ شرکت کرنے والوں میں بلجئیم سے تعلق رکھنے والے تاریخ دان و معیشیت دان ایرک توساں بھی شامل تھے جو اس کانفرنس کے مرکزی محرک ہیں۔
اس کانفرنس کی تیاریاں ایک سال سے جاری تھیں اور اس کے انعقاد کے لئے ابتدائی و اہم کامیابی برازیل کی حکمران پارٹی ”پی ٹی“ (ورکرز پارٹی)، کیمونسٹ پارٹی اور ”سوشلزم اینڈ لبرٹی پارٹی“ (PSOL) کا اس کانفرس کے لئے اتحاد تھا۔ نہ صرف بائیں بازو کی یہ تین سیاسی جماعتیں اس کانفرنس کی میزبانی کریں گی،برازیل کی ”ٹریڈ یونین کنفیڈریشن“، معروف سوشل مومنٹ ”ایم ایس ٹی“ اور بعض دیگر تنظیمیں بھی اس اتحاد میں شامل ہیں۔
تاسیسی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ”سوشلزم اینڈ لبرٹی پارٹی“ کے مقامی رہنما اور پورتو الیگرے کے سٹی کونسلر روبرتو روبینا (Roberto Rubaina) نے کہا کہ اینٹی فاشزم کانفرنس کا پورتو الیگرے میں انعقاد کرنے کے لئے ہمارے لئے ورلڈ سوشل فورم بھی ایک انسپائریشن تھا۔
یاد رہے، ورلڈ سوشل فورم کا آغاز بھی اس وقت پورتو الیگرے سے ہوا جب یہاں پی ٹی کی بلدیاتی حکومت قائم ہوئی۔ اس وقت فورتھ انٹرنیشنل کا برازیلی سیکشن پی ٹی میں کام کر رہا تھا۔ پورتو الیگرے میں پی ٹی کے اندر فورتھ انٹرنیشنل کے سیکشن کا زبردست اثر و رسوخ تھا۔ اس شہری حکومت نے دنیا بھر کی توجہ دو وجوہات کی بنا پر حاصل کی۔ ایک تو یہاں سے ورلڈ سوشل فورم کا آغاز ہوا،جیسا کہ اوپر بیان کیا گیا۔ دوسرا، مگر ورلڈ سوشل فورم سے پہلے، اس حکومت نے شہریوں کی شمولیت سے شہر کا بجٹ بنانے اور دیگر گراس روٹس جمہوری اقدامات کا آغاز کیا جس کی وجہ سے پورتو الیگرے کی انقلابی شہری حکومت نے دنیا بھر میں ترقی پسند سیاسی کارکنوں اور سکالرز کی توجہ حاصل کی۔
تاسیسی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے برازیل کی کمیونسٹ پارٹی کے مقامی رہنما راُول کارئیون (Raul Carrion)، جو ماضی میں سٹیٹ اسمبلی کے رکن بھی رہ چکے ہیں،نے بتایا کہ پورتو الیگرے کی 73 تنظیمیں پہلی عالمی ”اینٹی فاشزم کانفرنس“ کے ساتھ جڑ چکی ہیں۔
”کمیٹی فار اینٹی فاشزم کانفرنس اینڈ فار دی پیپلز ساورینٹی“ کے اب تک تین اجلاس ہو چکے ہیں۔دنیا بھر کے معروف ترقی پسند دانشور اور سیاسی رہنما اس کانفرنس کے حق میں آن لائن پٹیشن پر دستخط کر چکے ہیں۔ قارئین ِ روزنامہ جدوجہد اظہار یکجہتی کے لئے اس پٹیشن پر دستخط کرنے کے لئے اس لنک پر جا سکتے ہیں۔
کانفرنس کی اپنی ویب سائٹ بھی بنائی گئی ہے جس پر مزید معلومات حاصل کی جا رکتی ہیں۔