روزنامہ جدوجہد
خبریں پاکستان بین الاقوامی ادارتی کالم سیاست کھیل تعلیم صحت ٹیکنالوجی ثقافت کاروبار
آزادی اظہار وہی ہے جو مختلف سوچ رکھنے والوں کو حاصل ہو الاربعاء, 29 جولائی 2026

شہید کشمیر مقبول بٹ کا یوم شہادت: جموں کشمیر سمیت دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے

شہید کشمیر مقبول بٹ کا یوم شہادت: جموں کشمیر سمیت دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے

راولاکوٹ(حارث قدیر) شہید کشمیر مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کے یوم شہادت کے موقع پر جموں کشمیر کے منقسم حصوں سمیت دنیا بھر میں کشمیریوں نے احتجاجی ریلیاں، جلسے، جلوس اور پروگرامات منعقد کیے۔ پاکستانی زیر انتظام جموں کشمیر اور بیرون ریاست برطانیہ، یورپ، امریکہ اور مشرق وسطیٰ میں قوم پرست اور ترقی پسند تنظیموں کے مشترکہ پلیٹ فارم’وطن دوست اتحاد‘ کے زیر اہتمام احتجاجی پروگرامات منعقد کیے گئے۔ ان پروگرامات میں مجموعی طور پر لاکھوں مردوں، عورتوں،نوجوانوں اور بچوں نے شرکت کی۔ مقبول بٹ شہید کا یوم شہادت ’یوم تجدید عہد‘ کے طور پر منایا گیا۔ ان پروگرامات میں پاکستانی زیر انتظام جموں کشمیر میں نوآبادیاتی قوانین و معاہدوں کے خاتمے اور ایک بااختیار و آئین ساز حکومت کے قیام کا مطالبہ کیا گیا۔

جموں کشمیر میں مزاحمت کا گڑھ سمجھے جانے والے شہر راولاکوٹ میں سب سے بڑا اجتماع منعقد ہوا۔ پوسٹ گریجویٹ کالج گراؤنڈ سے وطن دوست اتحاد کے زیر اہتمام شروع ہونے والی احتجاجی ریلی میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مقبول بٹ شہید چوک میں احتجاجی جلسہ کیا گیا اور چوک کی تعمیر کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا۔

راولاکوٹ کے علاوہ دارالحکومت مظفرآباد، کوٹلی، ہجیرہ، باغ، میرپور، پلندری، تراڑکھل، قلعاں، بھمبر، ڈڈیال، چکسواری، تھوراڑ، دھیرکوٹ،نکیال،کھائی گلہ،فارورڈ کہوٹہ، خورشید آبادسمیت دیگر شہروں میں ’وطن دوست اتحاد‘ کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ ضلع سدھنوتی کے صدر مقام پلندری میں کوٹلی چوک کو مقبول بٹ شہید کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سمیت کراچی، لاہور اور دیگر شہروں میں وطن دوست اتحاد کے زیر اہتمام احتجاجی پروگرامات اور سیمینار منعقد کیے گئے۔

برطانیہ میں بھارتی ہائی کمیشن لندن کے سامنے وطن دوست اتحاد کے زیر اہتمام تمام آزادی پسند اور ترقی پسند تنظیموں نے احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں سینکڑوں تارکین وطن کشمیریوں نے شرکت کی۔

مقررین نے مقبول بٹ شہید اور دیگر شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے مقبول بٹ شہید کی فکر اور جدوجہد پر گفتگو کی اور جموں کشمیر سے غیر ملکی افواج کے انخلاء کا مطالبہ کرتے ہوئے جموں کشمیر کے شہریوں کو مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار دینے کا مطالبہ کیا۔

مقررین نے پاکستانی زیر انتظام جموں کشمیر میں 24اکتوبر1947کے اعلان آزادی کے مطابق آئین ساز حکومت کی بحالی کا مطالبہ کیا اور تمام نوآبادیاتی قوانین اور معاہدوں کو ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ شہید کشمیر مقبول بٹ شہید کی فکر اور جدوجہد کو اساس بناتے ہوئے جموں کشمیر کی مکمل آزادی اور طبقات سے پاک خوشحال معاشرے کے قیام تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

ماخذ: جدوجہد

تبصرے (0)

تبصرہ کریں

باخبر رہیں

تازہ ترین خبروں اور اپ ڈیٹس کے لیے ہمارے نیوز لیٹر کو سبسکرائب کریں