واشنگٹن ڈی سی( ساؤتھ ایشیا سالیڈیریٹی نیٹ ورک) 30 ستمبر 2025ء کو ساؤتھ ایشیا سالیڈیریٹی نیٹ ورک کے زیرِ اہتمام پاکستان کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر میں جاری ریاستی تشدد اور کریک ڈاؤن کے خلاف ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس کی نظامت کے فرائض نوید لطیف نے انجام دیے۔
زاہد بلوچ نے اجلاس میں موجودہ صورتِ حال پر روشنی ڈالتے ہوئے آئندہ کے لائحۂ عمل پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 3 اکتوبر 2025ء کو سہ پہر 3 بجے واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارت خانے کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، تاکہ ریاستی جبر اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف آواز بلند کی جا سکے۔
اجلاس سے اخلاق برلاس، سردار انور، سید حیدر، صوبیہ، چوہدری انصر، عابد اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے زور دیا کہ 3 اکتوبر کو زیادہ سے زیادہ لوگ احتجاج میں شریک ہو کر اپنی یکجہتی کا اظہار کریں اور پاکستانی حکومت کو ایک مضبوط اور واضح پیغام دیں کہ ناانصافیوں کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔
مزید برآں، امریکہ میں مقیم کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے مقامی سینیٹرز اور نمائندوں سے رابطے قائم کریں، انہیں ای میلز اور خطوط کے ذریعے اس صورتِ حال سے آگاہ کریں، اور ریاستی تشدد کے خلاف احتجاج درج کرائیں۔
مقررین نے یہ بھی نشاندہی کی کہ انٹرنیٹ کی بندش کے باعث امریکہ میں مقیم کشمیری اپنے خاندانوں سے رابطہ قائم کرنے سے قاصر ہیں، جس نے ان کی تشویش میں اضافہ کیا ہے۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ ریاستی جبر اور انٹرنیٹ کی بندش جیسے ہتھکنڈوں کا فوری خاتمہ کیا جائے۔