روزنامہ جدوجہد
خبریں پاکستان بین الاقوامی ادارتی کالم سیاست کھیل تعلیم صحت ٹیکنالوجی ثقافت کاروبار
آزادی اظہار وہی ہے جو مختلف سوچ رکھنے والوں کو حاصل ہو الاربعاء, 29 جولائی 2026

البانیہ میں کرپشن کے خلاف احتجاج، حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

البانیہ میں کرپشن کے خلاف احتجاج، حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

لاہور(جدوجہد رپورٹ)البانیہ کے دارالحکومت تیرانا میں پیر کے روز اس وقت شدید ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی جب مظاہرین نے وزیر اعظم ایڈی راما کے دفتر کی عمارت پر پیٹرول بم پھینکے اور حکومت کے فوری استعفے کا مطالبہ کیا۔ یہ مظاہرے اس وقت بڑھے جب استغاثہ نے ملک کی ڈپٹی وزیر اعظم بیلندا بالوکو پر سنگین کرپشن کے الزامات عائد کر دیے۔

’ڈان‘ کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں سے البانیہ میں سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ بالوکو اور متعدد سرکاری اہلکاروں کے خلاف الزام ہے کہ انہوں نے بڑے تعمیراتی منصوبوں، جن میں سڑکیں، پل اور سرنگیں شامل ہیں، میں مخصوص نجی کمپنیوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے ریاستی فنڈز کا غلط استعمال کیا۔

بیلندا بالوکو نے گزشتہ ماہ پارلیمنٹ میں ان الزامات کو جھوٹ، آدھا سچ، کیچڑ اچھالنا اور بے بنیاد پراپیگنڈہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ عدلیہ سے مکمل تعاون کریں گی۔

ادھر اسپیشل پراسیکیوشن آفس، جو ملک میں کرپشن اور منظم جرائم سے نمٹنے کا ذمہ دار ہے، نے پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ بالوکو کا استثنیٰ ختم کیا جائے تاکہ ان کی گرفتاری عمل میں لائی جا سکے۔ یہ واضح نہیں کہ پارلیمنٹ کب ووٹنگ کرے گی، تاہم حکومت کی حکمران جماعت کو اکثریت حاصل ہے۔

پیر کے روز جب مظاہرین نے حکومت کی مرکزی عمارت پر پیٹرول بم برسائے، پولیس نے مکمل حفاظتی سازوسامان کے ساتھ عمارت کا دفاع کیا، لیکن مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا استعمال نہیں کیا۔

احتجاج کرنے والے ایک شخص کا کہنا تھا کہ ”ہم تنگ آ چکے ہیں۔ یہ درجنوں نہیں، سینکڑوں ملین یورو کی چوری کا معاملہ ہے، اور وہ اب تک مستعفی بھی نہیں ہوئی۔ یہ شرمناک ہے۔“

بیلندا بالوکو وزارت انفراسٹرکچر کی سربراہ بھی ہیں، جو ملک کے اربوں یورو کے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کرتی ہے۔

ماخذ: جدوجہد

تبصرے (0)

تبصرہ کریں

باخبر رہیں

تازہ ترین خبروں اور اپ ڈیٹس کے لیے ہمارے نیوز لیٹر کو سبسکرائب کریں