روزنامہ جدوجہد
خبریں پاکستان بین الاقوامی ادارتی کالم سیاست کھیل تعلیم صحت ٹیکنالوجی ثقافت کاروبار
آزادی اظہار وہی ہے جو مختلف سوچ رکھنے والوں کو حاصل ہو الاربعاء, 29 جولائی 2026

الوداع ایلینی وریکاس: یونان میں فورتھ انٹرنیشنل کے ساتھ گزرے ہوئے سال

الوداع ایلینی وریکاس: یونان میں فورتھ انٹرنیشنل کے ساتھ گزرے ہوئے سال

کوستاس سکوردولیس/ اوکے ڈی ای،اسپارتاکوس

ایلینی وریکاس، واسوس وریکاس کی صاحبزادی تھیں،جو ایک ممتاز یونانی ادبی نقّاد تھے اور 1930 کی دہائی میں ٹراٹسکی اسٹ بن گئے تھے۔ ان کی فکری اور سیاسی تشکیل میں اہم کردار ’پولیٹیکا فیلا‘ (سیاسی صفحات) نامی جریدے نے ادا کیا، جو یونانی ٹراٹسکی اسٹ حلقوں نے جاری کیا تھا۔ واسوس وریکاس اپنی موت (1971، ایتھنز) تک ٹراٹسکی اسٹ نظریات پر قائم رہے۔

1971 میں ایلینی پیرس چلی گئیں جہاں انہوں نے جارجزہاٹ (Georges Haupt) کی نگرانی میں یونانی کمیونسٹ تحریک کے خدوخال کی پیدائش پر ماسٹرز کا مقالہ لکھا۔ وہ ستمبر 1974 میں فوجی آمریت (1967-1974) کے خاتمے کے فوراً بعد ایتھنز واپس آئیں۔ واپسی پر انہوں نے گروپ”کمیونیزموس“(Kommounismos)میں شمولیت اختیار کی،جو ایک ٹراٹسکی اسٹ تنظیم تھی اور بنیادی طور پر ان سابقہ طلبہ پر مشتمل تھی جو بیرون ملک (خصوصاً فرانس اوربیلجیم) تعلیم کے دوران فورتھ انٹرنیشنل کی شاخوں یا کمیونسٹ انٹرنیشنلسٹ پارٹی آف گریس (کے ڈی کے ای) کے نوجوان ونگ میں سرگرم رہے تھے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ ”کے ڈی کے ای“ کا تنظیمی ڈھانچہ فوجی آمریت کے پورے دور میں قائم و فعال رہا۔اس تنظیم کی قیادت پرانے ٹراٹسکی اسٹ خریستوس اناستاسیادس(Christos Anastasiadis) کر رہے تھے۔ ان ہی کی کوششوں سے ”ارگاتیکی پالی“(مزدور جدوجہد) فوجی آمریت کے بعد شائع ہونے والا پہلا بائیں بازو کا اخبار تھا۔

1974 میں یورپ سے جلاوطنی ختم کرکے واپس آنے والے کارکنوں کا مسلسل آنا جاری رہا۔ انہی میں سے ایک گروہ نے واپس آ کر سوشلسٹ ریوولوشنری یونین (ایس ای ای) کی بنیاد رکھی۔1975 تک گروپ”کمیونیزموس“اورایس ای ای کی اکثریت نے ضم ہو کر ریوولوشنری کمیونسٹ فرنٹ (آر سی ایف) قائم کیا، جس کا مرکزی جریدہ ”اودوفرگما“ (دی بیریکیڈ) تھا۔
اسی دوران دسمبر 1974 میں کے ڈی کے ای اور”ارگاتیکی دیموکراتیا“(ورکرز ڈیموکریسی) کے ایک دھڑے کے درمیان ایک یونیفیکیشن کانفرنس بھی منعقد ہوئی۔

تاریخی وجوہات کی بنا پر نئی تنظیم نے اوکے ڈی ای(آرگنائزیشن آف انٹرنیشنلسٹ کمیونسٹس آف گریس) کا نام اختیار کیا، جبکہ ارگاتیکی پالی اس کا اخبار مقرر ہوا۔

اپریل،مئی 1977 میں ریوولوشنری کمیونسٹ فرنٹ (آر سی ایف) اور اوکے ڈی ای (جو فورتھ انٹرنیشنل کا یونانی سیکشن تھا)نے ایک یونیفیکیشن کانگریس میں ضم ہونے کا فیصلہ کیا۔ نئی مشترکہ تنظیم نے او کے ڈی ای ہی کا نام برقرار رکھا، مگر اس کے مرکزی جریدے کا نام ”ارگاتیکی پالی“سے بدل کر”اودوفرگما“رکھا گیا۔ ساتھ ہی تنظیم نے اپنے نظریاتی جریدے ”مارکسیتیکو ڈیلتیو“ (مارکسی بلیٹن) کو دوبارہ شائع کرنا شروع کیا۔تنظیم کی رکنیت بڑھ کر 120 سے زیادہ ارکان تک پہنچ گئی، جن میں نوجوانوں کی بڑی تعداد شامل تھی، اور یہ تنظیم یونان کے کئی شہروں میں فعال موجودگی رکھتی تھی۔ایلینی اس دوران اودوفرگما کے ادارتی بورڈ کی ایک نمایاں رکن تھیں۔

اتحاد کے بعداو کے ڈی ای کے اندر تنظیم کی حکمت عملی اور سمت کے بارے میں اختلافات پیدا ہوئے۔ اکثریت کا خیال تھا کہ تنظیم کو نئی سماجی تحریکوں کی طرف بڑھنا چاہیے، جبکہ اقلیت روایتی صنعتی مزدور طبقے پر توجہ مرکوز رکھنے کی حامی تھی۔

یہ داخلی مباحثے اس دور میں فورتھ انٹرنیشنل کے اندر جاری وسیع تر نظریاتی بحثوں کی بازگشت تھے۔1979 تک ان اختلافات کے دباؤ نے اکثریتی قیادت کو اس بات پر آمادہ کر دیا کہ وہ اپنی سیاسی لائن او کے ڈی ای کے رسمی ڈھانچے سے ہٹ کر خودمختار طور پر نافذ کرنا شروع کر دے۔

اسی عرصے میں ایلینی فیمن اسٹ تحریک کی صف اول کی کارکن تھیں، اور انہوں نے مختلف فیمن اسٹ ایکٹوسٹ گروہوں میں اپنی ساتھی خواتین کے ساتھ مل کر سرگرم کردار ادا کیا۔

1981 میں یونان میں فورتھ انٹرنیشنل کے سیکشن کی ٹوٹ پھوٹ اور اس کی دیرپا کمزوری سے کسی حد تک مایوس ہو کر وہ ایک اسکالرشپ پر پیرس واپس چلی گئیں تاکہ جدید یونانی فیمن ازم کے تاریخی آغاز پر پی ایچ ڈی کی تحقیق کر سکیں۔

12 جنوری 2026:اوکے ڈی ای اسپارتاکوس کا ایلینی وریکا کو افسوس کے ساتھ الوداع

ایلینی وریکا ٹراٹسکی اسٹ تحریک کے تاریخی رہنما واسوس وریکا کی بیٹی تھیں، وہ 1949 میں ایتھنز میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے یونیورسٹی آف ایتھنز کے فلاسوفیکل اسکول(The Ecole des Hautes Etudes en Science Sociales) اور یونیورسٹی آف پیرس 7 میں تعلیم حاصل کی۔

وہ میٹروپولیٹن میں ٹراٹسکی اسٹ کمیونسٹ ریوولوشنری فرنٹ میں سرگرم رہیں اور 1977 کے بعددو تنظیموں کے اتحاد کے نتیجے میں او کے ڈی ای کا حصہ بنیں۔ وہ تنظیم کے اخبار ’روڈ بلاک‘ کی ایک کلیدی رکن تھیں اور اس دور کی ابتدائی فیمن اسٹ تنظیموں میں بھی فعال کردار ادا کرتی رہیں۔

اپنی پوری زندگی میں وہ فورتھ انٹرنیشنل کی صفوں سے وابستہ رہیں۔

وہ پیرس 8 یونیورسٹی میں سیاسیات اور جینڈر اسٹڈیز کی سینئر پروفیسر تھیں اور Centre des Recherches Sociologiques et Politiques de Paris(CNRS) سے وابستہ رہیں۔ وہ یورپین یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ فلورنس اور ہارورڈ میں بھی ریسرچ فیلو رہیں، اور انہوں نے یورپ اور امریکہ کی متعدد یونیورسٹیوں میں تدریس کی، جن میں پیرس 7، EHESS، پورٹ لینڈ اسٹیٹ یونیورسٹی، نیو اسکول فار سوشل ریسرچ، یونیورسٹیز آف وسکونسن، کولمبیا، کارنیل، UNAM (میکسیکو)، USP اور UNICAMP (برازیل)، نیشنل اینڈ کپودستریان یونیورسٹی آف ایتھنزاور یونیورسٹی آف کریٹ شامل ہیں۔

ایلینی وریکا کی تصنیفی کاوشیں فیمن ازم کی تاریخ، سیاسی و سماجی فکر، تنقیدی تھیوری، صنف اور نسل جیسے موضوعات سے متعلق تھیں۔

ویمنز پبلشنگ گروپ کی رکن کے طور پر انہوں نے 1981 میں ”The Uprising Starts Long ago: Pages from the First Stemps of the Women’s Movement“کی ادارت کی، جس میں ان خواتین کو نمایاں کیا گیا جو خواتین کی آزادی کی جدوجہد میں پیش پیش رہی تھیں۔

ان کے بعد کے اہم علمی کاموں میں کتاب”The Uprising of Ladies: The Genesis of Feminist Consciousness in Greece, 1833-1907“شامل ہے،جو ایک اہم تحقیق ہے جس میں صنفی شعور اور اس کو تشکیل دینے والی مادی شرائط کو موضوع بنایا گیا ہے۔

صنف کے فرق کے سیاسی پہلو کو انہوں نے اپنی تحریر”For a Gender Political Grammar“میں اجاگر کیا، جس میں تجربات کے سیاسی صورت میں ظاہر ہونے کو واضح کیا گیا ہے۔

بالآخر ان کی کتاب”The Waste of the World: Forms of paria“ان تمام گروہوں کے بارے میں ہے جو تاریخ میں ردی یا بے حیثیت سمجھے گئے،جیسے غلام، یہودی، عورتیں، اور محنت کش،اور یہ کہ کس طرح انہوں نے اپنی محرومیوں کے خلاف بغاوت کی۔

ایلینی وریکا کے نزدیک مظلوموں کی جدوجہد کی تاریخ انسانی تاریخ کا مرکزی حصہ ہے،کوئی ثانوی یا ضمنی باب نہیں۔ان کے کام کا مرکزی نکتہ یہی تھا کہ ظلم اور بغاوت کے مطالعے کو انسانی تعلقات کی ایک نئی تنقیدی تھیوری کی بنیاد بنایا جائے،ایسی تھیوری جو ماضی کو سمجھنے اور حال میں مداخلت کرنے کے قابل ہو، تاکہ ہر طرح کی محرومیوں اور محرومی پیدا کرنے والے نظاموں کا مقابلہ کیا جا سکے۔

یہی ان کی وہ پیشکش ہے جو ہمارے لیے وراثت بن کر رہ گئی ہے۔

اوکے ڈی ای اسپارتاکوس، ایلینی وریکا کے شریک حیات مائیکل لووی سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔

11 جنوری 2026

(ترجمہ: حارث قدیر، فاروق سلہریا)

ماخذ: جدوجہد

تبصرے (0)

تبصرہ کریں

باخبر رہیں

تازہ ترین خبروں اور اپ ڈیٹس کے لیے ہمارے نیوز لیٹر کو سبسکرائب کریں