روزنامہ جدوجہد
خبریں پاکستان بین الاقوامی ادارتی کالم سیاست کھیل تعلیم صحت ٹیکنالوجی ثقافت کاروبار
آزادی اظہار وہی ہے جو مختلف سوچ رکھنے والوں کو حاصل ہو الخميس, 30 جولائی 2026

ٹرمپ کی ٹیرف جنگ کے باوجود چین کا تجارتی سرپلس 1.2 ٹریلین ڈالر کی نئی بلند سطح پر پہنچ گیا

ٹرمپ کی ٹیرف جنگ کے باوجود چین کا تجارتی سرپلس  1.2 ٹریلین ڈالر کی نئی بلند سطح پر پہنچ گیا

لاہور(جدوجہد رپورٹ) چین کا تجارتی سرپلس 2025 میں نئی تاریخی بلندی پر پہنچ گیا، جو بڑھ کر تقریباً 1.2 ٹریلین ڈالر ہو گیا ہے۔یہ اضافہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عائد کردہ سخت ٹیرف پالیسیوں کے باوجود سامنے آیا ہے۔

’الجزیرہ‘ کے مطابق بدھ کو جاری کیے گئے چینی کسٹمز کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ گزشتہ سال چین کی برآمدات میں 5.5 فیصد اضافہ ہوا، جو بڑھ کر 3.77 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئیں۔ جبکہ عالمی سطح پر مختلف خطوں کے ساتھ بڑھتی ہوئی تجارت نے امریکہ کے ساتھ کم ہوتی تجارت کا خلا پر کردیا۔

گزشتہ سال درآمدات 2.58 ٹریلین ڈالر پر تقریباً برقرار رہیں، جس کے نتیجے میں 1.19 ٹریلین ڈالر کا تجارتی سرپلس سامنے آیا۔2024 میں یہ فرق 992 بلین ڈالر تھا، جس کے بعد ٹرمپ انتظامیہ کی غیر مستحکم تجارتی پالیسیوں نے چین پر اضافی دباؤ بڑھایا۔

امریکی ٹیرف کے مقابلے میں چینی کمپنیوں نے تجارت کا رخ جنوب مشرقی ایشیا، افریقہ، لاطینی امریکہ اور یورپ کی طرف کر دیا۔تاہم، روس کے ساتھ تجارت پانچ سال بعد پہلی بار کمی کا شکار ہوئی، جس کی وجہ روس میں چینی گاڑیوں کی طلب کم ہونا اور روسی خام تیل کی درآمدات کی مالیت میں کمی بتایا گیا ہے۔

چین گزشتہ برسوں میں روس کے لیے ایک اہم معاشی سہارا رہا ہے، کیونکہ روس یوکرین پر 2022 کے حملے کے بعد امریکی اور یورپی پابندیوں سے نمٹنے کی کوشش کر رہا ہے۔

چین کی کسٹمز انتظامیہ کے نائب وزیر وانگ جن نے کہا کہ عالمی تجارت کی نمو کا رجحان کمزور دکھائی دیتا ہے، اور چین کی بیرونی تجارت کے لیے ماحول’شدید اور پیچیدہ‘ ہے۔ تاہم ان کے مطابق چین کے متنوع تجارتی شراکت داروں نے اسے عالمی خطرات کے مقابلے میں ’زیادہ مضبوط‘بنا دیا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق کمپیوٹر چپس، ہائی ٹیک آلات اور ان کی تیاری میں استعمال ہونے والے مواد کی عالمی مانگ چینی برآمدات کو مضبوط کرنے والی اہم کیٹیگریز میں شامل رہی۔

دسمبر 2025 میں چین کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 6.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو ماہرین کی توقعات سے زیادہ تھا۔ اسی ماہ درآمدات میں بھی 5.7 فیصد اضافہ ہوا، جو نومبر کے مقابلے میں نمایاں بہتری ہے۔

آئی این جی کے گریٹر چائنا کے چیف اکانومسٹ لن سونگ نے کہا کہ چین کا ریکارڈ تجارتی سرپلس دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ٹاپ 20 ممالک کے جی ڈی پی کے برابر ہے۔

انہوں نے کہاکہ ”یہ سرپلس چین کو اپنا تقریباً 5 فیصد اقتصادی ترقی کا ہدف حاصل کرنے میں مدد دے گا، جس کے اعداد و شمار آئندہ ہفتے جاری کیے جائیں گے۔“

ماخذ: جدوجہد

تبصرے (0)

تبصرہ کریں

باخبر رہیں

تازہ ترین خبروں اور اپ ڈیٹس کے لیے ہمارے نیوز لیٹر کو سبسکرائب کریں