روزنامہ جدوجہد
خبریں پاکستان بین الاقوامی ادارتی کالم سیاست کھیل تعلیم صحت ٹیکنالوجی ثقافت کاروبار
آزادی اظہار وہی ہے جو مختلف سوچ رکھنے والوں کو حاصل ہو الاربعاء, 29 جولائی 2026

تور کے سو سال: انڈونیشیا کے عالمی شہرت یافتہ مارکسی ادیب پر ویبینار 16 دسمبر کو ہو گا

تور کے سو سال: انڈونیشیا کے عالمی شہرت یافتہ مارکسی ادیب پر ویبینار 16 دسمبر کو ہو گا

لاہور(جدوجہد رپورٹ)انڈونیشیائی ادبی و تاریخی شعور کے ستون سمجھے جانے والے پرمویدیاانانتاتور (Pramoedya Ananta Toer) کی صد سالہ سالگرہ کے موقع پر جرمنی میں 16دسمبر کو ایک خصوصی عالمی آن لائن تقریب منعقد کی جا رہی ہے، جس میں ان کی ادبی و آزادی پسند فکر کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ یہ پروگرام جرمنی میں انڈونیشیائی کمیونٹی ایسوسی ایشن نے یونیورسٹی آف ہیمبرگ کے ایشیاافریقہ انسٹی ٹیوٹ کے شعبہ جنوب مشرقی ایشیائی زبان وثقافت کے تعاون سے ترتیب دیاگیا ہے۔

تقریب دو حصوں پر مشتمل ہوگی۔ پہلے ایک آن لائن مکالمہ، اور اس کے بعد ایک دستاویزی فلم کی نمائش۔

آن لائن گفتگو ’ادبی مزاحمت اور تاریخ نگاری میں پرام کا کردار‘ کے عنوان پر کی جائے گی۔ یہ آن لائن نشست 4بجے سے شام 6بجے تک سنٹرل یورپین ٹائم کے مطابق منعقد ہوگی، جس میں ممتاز محققین اور فنکارشرکت کریں گے۔

مقررین میں SOASیونیورسٹی آف لندن میں سینئرلیکچرر، شاعرہ، ناول نگار اور معروف موسیقار سوجن مارچنگ، برلن اور جکارتہ میں مقیم فلم آرکائیوسٹ اور سکول آف ویمنز تھاٹ کی بانی لیسا بونارحمان، انڈونیشیائی ادب اور تاریخ کے ممتاز محقق تھومس ریگراور یونیورسٹی آف ہیمبرگ و یونیورسٹی آف میلبورن سے منسلک سکالر عبدالمغیث مدھوفیرشامل ہونگے، جبکہ موڈریٹر کے فرائض بھی عبدالمغیث مدھوفیر سرانجام دیں گے۔

شام 6بجے سے ساڑھے 6بجے تک ایک خصوصی دستاویزی فلم دکھائی جائے گی، جسے ستمبر2025میں جرمنی میں انڈونیشیائی کمیونٹی ایسوسی ایشن نے تیار کیا۔ فلم کی زبان انڈونیشی اور جرمن ہے، جبکہ انگریزی سب ٹائٹلز بھی شامل ہیں۔

پرمویدیاانانتاتور انڈونیشیا کے عظیم ترین ادیبوں، ناول نگاروں اور دانشوروں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ نوآبادیاتی جبر، آمریت، قومی آزادی اور انسانی وقار کے خلاف جدوجہد کے ادبی مؤرخ تھے۔ ان کی تحریروں کا مرکزی موضوع استعمار کے خلاف مزاحمت، سماجی انصاف اور عام انسان کی آواز ہے۔

انہوں نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ قید و بند میں گزارا۔ پہلے ڈچ نوآبادیاتی دور میں، پھر انڈونیشیا کی آزادی کے بعد سوکارنو اور بالخصوص سوہارتو کی آمریت میں انہیں جیل اور جزیرہ بورو کے عقوبت خانوں میں رکھا گیا۔ اسی اسیری کے دوران انہوں نے زبانی طور پر وہ کہانیاں تخلیق کیں جو بعد میں ان کی سب سے مشہور تصنیفات بنیں۔

ان کا سب سے معروف ادبی کام’’بورو کوارٹیٹ‘‘(Buru Quartet) ہے، جس میں ناول This Earth of Mankind شامل ہے۔ یہ سلسلہ انڈونیشیا کی قومی بیداری، نوآبادیاتی سماج اور جدید شعور کے ارتقا کو گہرے تاریخی اور طبقاتی تناظر میں بیان کرتا ہے۔

پرمویدیاانانتاتور کو انڈونیشیا میں طویل عرصے تک پابندیوں، سنسرشپ اور نظر بندی کا سامنا رہا، مگر عالمی سطح پر انہیں بے پناہ احترام حاصل ہوا۔ انہیں کئی بار نوبل انعامِ ادب کے لیے نامزد کیا گیا، اگرچہ یہ اعزاز انہیں نہیں ملا۔وہ فروری 1925میں پیدا ہوئے اور ان کی وفات اپریل 2006میں ہوئی۔

اس سیمینار میں اس لنک کے ذریعے شرکت کی جا سکتی ہے۔

دستاویزی فلم دیکھنے کے لیے اس لنک پر کلک کریں۔

ماخذ: جدوجہد

تبصرے (0)

تبصرہ کریں

باخبر رہیں

تازہ ترین خبروں اور اپ ڈیٹس کے لیے ہمارے نیوز لیٹر کو سبسکرائب کریں