روزنامہ جدوجہد
خبریں پاکستان بین الاقوامی ادارتی کالم سیاست کھیل تعلیم صحت ٹیکنالوجی ثقافت کاروبار
آزادی اظہار وہی ہے جو مختلف سوچ رکھنے والوں کو حاصل ہو الخميس, 30 جولائی 2026

راولا کوٹ: فورسز کی فائرنگ سے 3 مزید ہلاکتیں، لندن میں 10 ہزار کا مظاہرہ

راولا کوٹ: فورسز کی فائرنگ سے 3 مزید ہلاکتیں، لندن میں 10 ہزار کا مظاہرہ

راولا کوٹ (جدوجہد رپورٹ)راولا کوٹ شہر کے نواح میں،دریک کے مقام پر دئیے گئے پر امن دھرنے پر گذشتہ صبح فورسز کی فائرنگ سے تین افراد ہلاک جبکہ کم از کم 8 زخمی ہو گئے۔تین کی حالت نازت بتائی جا رہی ہے۔ تاہم پر امن دھرنا اپنی جگہ پر بدستور موجود ہے۔

اطلاعات کے مطابق، گذشتہ صبح تقریبا چھ بجے،سیکیورٹی فورسز نے دھرنے پر شیلنگ اور فائرنگ کی جس میں تین اموات کے علاوہ نصف درجن افراد زخمی ہو گئے۔ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مرکزی رہنما، عمر نزیر کشمیری، نے ان ہلاکتوں کی تصدیق اپنے فیس بک پیج پر کی۔ہلاک ہونے والوں کا تعلق پلندری اور ہجیرہ سے بتایا گیا ہے۔ کمشنر پونچھ نے دو افراد کی ہلاکت تسلیم کی۔

زخمی ہونے والے افراد میں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق،زخمی ہونے والے افراد کو،راولا کوٹ میں نجی طور پر مقامی نرسز اور ڈاکٹرز نگہداشت فراہم کر رہے ہیں جس کی وجہ سے زخمیوں کے لئے صورت حال بہت نازک بتائی جا رہی ہے۔

ادہر لندن میں گذشتہ روز برطانیہ میں مقیم جموں کشمیر سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن نے ٹریفلگر اسکوائر سے پارلیمنٹ تک مارچ کیا جس میں دس ہزار افراد نے شرکت کی۔ اس مظاہرے بارے علیحدہ سے رپورٹ آج کے شمارے میں شامل ہے۔

بدھ کے روز، یورپ میں مقیم کشمیری تارکین وطن برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کے باہر مظاہرہ کریں گے۔ دریں اثناء، آسٹریلیا،نیوزی لینڈ،کینیڈا اور امریکہ کے علاوہ یورپ کے دیگر شہروں میں بھی اسی نوعیت کے مظاہرے ہو چکے ہیں۔

روزنامہ ”جدوجہد“ کے ذرائع کے مطابق،دھرنے میں شریک افراد کو کھانے کی فراہمی سے روکنے کے لئے راولا کوٹ کی جانب اناج اور غلہ لے کر جانے والے ٹر ک دو دن سے روکے جا رہے ہیں۔

تبصرے (0)

تبصرہ کریں

باخبر رہیں

تازہ ترین خبروں اور اپ ڈیٹس کے لیے ہمارے نیوز لیٹر کو سبسکرائب کریں