راولا کوٹ (نامہ نگار) جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے اعلان کیا ہے کہ 15 جولائی کو مظفر آباد کی جانب لانگ مارچ کیا جائے گا جس کا آغاز راولا کوٹ سے ہو گا۔ اس سلسلے میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما عمر نزیر کشمیری نے پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قافلے بنا کر راولا کوٹ پہنچیں۔
لانگ مارچ کا اعلان گذشتہ روز کوٹیڑی میں جاری پر امن دھرنے پر فورسز کی فائرنگ کے بعد کیا گیا ،جس میں دو نوجوان جاں بحق ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 20 سالہ واجد صدیق اور ناصر نزیر تھے۔ واجد صدیق کا تعلق بڑی باڑی اور ناصر نزیر کا تعلق ماخیالہ سے تھا۔
یاد رہے، 27 جولائی کو پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر میں عام انتخابات منعقد ہوں گے۔ گو ریاست میں ایک ماہ سے جاری عام ہڑتال اور احتجاج کی وجہ سے ان انتخابات انعقاد پہلے ہی مشکوک ہے، مجوزہ لانگ مارچ کے نتیجے میں ان انتخابات کا منعقد کرانا مزید مشکل ہو سکتا ہے۔